1
0
Monday 20 Jan 2020 19:01

جس تبدیلی کیلئے حکومت کو منتخب کیا گیا وہ کہیں نظر نہیں آرہی، علامہ احمد اقبال رضوی

جس تبدیلی کیلئے حکومت کو منتخب کیا گیا وہ کہیں نظر نہیں آرہی، علامہ احمد اقبال رضوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ خارجی محاذ پر ناکامی کیساتھ ساتھ حکومت کی گرفت داخلی معاملات پر بھی کمزور پڑتی جا رہی ہے، عوام کو آئے دن کسی نہ کسی نئی مشکل کا سامنا ہوتا ہے، عوامی مسائل میں مسلسل اضافے کے باعث تحریک انصاف کی حکومت اپنی مقبولیت تیزی سے کھو رہی ہے، عوام نے جس تبدیلی کیلئے موجودہ حکومت کو منتخب کیا تھا، اس کا دور دور تک کوئی نام و نشان نظر نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں آٹے کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے، مہنگائی نے عوام کا پہلے ہی بھرکس نکال دیا ہے، حکومت کی ناقص انتظامی پالیسیوں کے باعث متوسط طبقہ بھی غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو آٹے کے بحران کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اور ہنگامی بنیادوں پر کوششوں کا فوری آغاز کرنا چاہیئے۔ اگر مصنوعی قلت پیدا کرکے مختلف قسم کے بحران پیدا کئے جا رہے ہیں تو ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے، ایسے لوگوں کیخلاف بلاتخصیص کارروائی ہونی چاہیئے، جو عوام کیلئے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے ملازمتوں کے وعدے پورے کرے، تاکہ ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو، کسی بھی ملک کے نوجوان اور تعلیم یافتہ طبقہ اس ملک کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے، انہیں نظر انداز کرنا ملکی تباہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے، پڑھے لکھے نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرکے ان کے اندر پائی جانیوالی مایوسی کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہنگائی سمیت دیگر مسائل پر قابو پانے میں ناکام رہی تو پاکستان کی سیاست میں اس کا مستقبل ہمیشہ کیلئے تاریک ہو جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 839627
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

سیدہ زہرا
Pakistan
رضوی صاحب آپ شاید بھول رہے ہیں کہ ان کو لانے میں آپ اور آپکی پارٹی پیش پیش تھے۔۔۔۔۔۔
ہماری پیشکش