QR CodeQR Code

لاہور، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال کی وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات

20 Jan 2020 21:08

ملاقات میں پنجاب میں زیر تعلیم جی بی کے طلباء و طالبات کو درپیش مسائل، مستحق مریضوں کی مشکلات اور جی بی کی سیاحت و ثقافت کی ترویج پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں زیر تعلیم جی بی کے طلباء و طالبات کو درپیش مسائل، مستحق مریضوں کی مشکلات اور جی بی کی سیاحت و ثقافت کی ترویج پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ گورنر گلگت بلتستان کی جانب سے مذکورہ مسائل سے آگاہ کئے جانے پر وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت لاہور اور راولپنڈی میں زیر تعلیم جی بی کے طلباء و طالبات کے رہائشی مسئلے کے حل کے لئے زمین الاٹ کرے گی، جہاں رہائشی ہاسٹل کی تعمیر ہو گی جبکہ پنجاب بھر کے سرکاری کالجز اور یونیورسٹیوں میں داخلے کے لئے جی بی کے طلباء و طالبات کے کوٹہ میں اضافہ کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ جی بی کے مستحق مریضوں کے لئے پنجاب بھر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں مفت علاج کے لئے واضح اور جامع پالیسی مرتب کر رہے ہیں تاکہ مستحق مریض بغیر کسی سفارش و تکلیف کے اپنا علاج کرا سکیں۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ پنجاب حکومت رواں سال گلگت بلتستان کے ہسپتالوں کے لئے جدید مشینری اور ادویات کی بڑی کھیب فراہم کرنے جا رہی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 839640

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839640/لاہور-گورنر-گلگت-بلتستان-راجہ-جلال-کی-وزیراعل-ی-پنجاب-عثمان-بزدار-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org