QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے، شاہ اویس نورانی

21 Jan 2020 19:10


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ سیاسی تبدیلی کا آغاز پنجاب سے ہوگا، اگلے دو ماہ میں بہت کچھ بدل جائے گا، حکومت کیخلاف نئی احتجاجی تحریک کی تیاری کر لی ہے، آٹا بحران حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہے، یوٹرن حکومت نے عوامی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو پی کے رہنما کا کہنا تھا کہ حکمران چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کو اُلجھا رہے ہیں، نیب نے پی ٹی آئی کے کرپٹ عناصر سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں، قوم ناکام اور نالائق حکومت کی رخصتی کا جشن منانے کیلئے تیار رہے، پچاس ہزار نوکریوں کے وعدے سے مکر جانے والے جھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے خواب دکھانے والوں نے قوم کو تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا، عوام کمر توڑ مہنگائی کے ہاتھوں لاچار ہے، حکمرانوں پر گھبراہٹ اور بوکھلاہٹ طاری ہے، حکومت کی گرتی دیوار کو آخری دھکا دینے کیلئے عوام کو سڑکوں پر لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ناجائز حکومت کیساتھ فیصلہ کن جنگ کی تیاری کر لی ہے، سیلیکٹڈ وزیراعظم چند ماہ کا مہمان ہے، وزراء کی بدزبانی اور غیر سنجیدگی نے حکومت کو مذاق بنا دیا ہے۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ لڑکھڑاتی حکومت سے جلد نجات ملنے والی ہے، مہنگائی اور مسائل سے تنگ آئی ہوئی قوم نااہل حکومت سے نجات کیلئے دعائیں مانگ رہی ہے، حکومت نے ڈیڑھ سال کے دوران عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا، حکومت عوام دشمن ایجنڈے پر چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ حکومت کی برطرفی اور نئے شفاف الیکشن کا انعقاد ہے۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے، امریکہ اور مغربی حکمران کشمیریوں کی جان و مال کی قیمت بھارت سے اسلحہ کی فروخت کی صورت میں وصول کرنا چاہتے ہیں، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جنم لینے والے انسانی المیہ پر آنکھیں بند نہ کرے، مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کے طویل ترین کرفیو پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔


خبر کا کوڈ: 839691

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839691/مقبوضہ-کشمیر-میں-انسانی-حقوق-کی-صورتحال-انتہائی-ابتر-ہو-چکی-ہے-شاہ-اویس-نورانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org