0
Tuesday 21 Jan 2020 11:47

ایلس ویلز کی ایف اے ٹی ایف اور معیشت کے حوالے سے پاکستانی اقدامات کی تعریف

ایلس ویلز کی ایف اے ٹی ایف اور معیشت کے حوالے سے پاکستانی اقدامات کی تعریف
اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ کی معاون خصوصی برائے جنوبی ایشیاء ایلس ویلز نے ایف اے ٹی ایف اور غیر قانونی تارکین وطن کے معاملے پر حکومت پاکستان کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے اب تک اُٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کی معاون خصوصی ایلس ویلز پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں، جہاں انہوں نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران داخلی امور اور سکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر معاون خصوصی ایلس ویلز نے امریکا میں مقیم غیر قانونی طور تارکین وطن اور ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات اور پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ امریکی وزیر خارجہ کی معاون خصوصی ایلس ویلز نے پاکستانی اقدامات اور کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ حکومت پاکستان نے کافی کم وقت میں بہت بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔

وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کو بتایا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کو کافی حد تک حل کر لیا ہے اور اس حوالے سے مزید پیشرفت بھی جاری ہے، جس پر ایلس ویلز نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسئلے کے حل کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے تعاون کو سراہتے ہیں۔ اس موقع پر امریکی وفد نے تارکین وطن کی روک تھام کے حوالے سے ایک منظم اور پختہ طریقہ کار وضع کرنے کی تجویز بھی دی، جس کی مدد سے غیر قانونی طور پر بیرون ملک جا بسنے کے سلسلے کو روکا جا سکے اور مستقبل میں اس نظام سے فائدہ بھی اٹھایا جاتا رہے۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پہلے ہی پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات کی تصدیق کے عمل کے لیے لائحہ عمل مرتب کر لیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 839740
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش