0
Tuesday 21 Jan 2020 13:39

چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق

چیف الیکشن کمشنر کیلئے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی کمیٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے سکندر سلطان راجا کے نام پر اتفاق کر لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ سے ممبر الیکشن کمیشن کیلئے نثار درانی اور بلوچستان سے شاہ محمد جتوئی کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ تینوں ناموں پر اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان نے فیصلہ کیا جو خوش آئند ہے، اسی روایت کو آگے لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نام آج وزیراعظم کو بھیج دیے جائیں گے۔

ڈاکٹر سکندر سلطان راجا ضلع سرگودھا کے گاؤں بھیرہ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد آرمی افسر تھے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی اسکول بھیرہ، میٹرک اور ایف ایس سی کیڈٹ کالج حسن ابدال سے کیا۔ ایم بی بی ایس کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے کیا۔ ایل ایل بی کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔ ڈاکٹر سکندر سلطان راجا نے سی ایس ایس 1987ء میں کیا اور ڈی ایم جی، پی اے ایس گروپ میں شامل ہوئے۔

  ڈاکٹر سلطان سکندر راجا نے اپنےکیریئر کا آغاز اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کی حیثیت سے کیا۔ اپنی ملازمت کے دوران ڈاکٹر سکندر سلطان راجا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب، صوبائی سیکریٹری مواصلات اینڈ ورکس پنجاب، صوبائی سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، صوبائی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ پنجاب کے اہم عہدے پر فائز رہے۔ وہ وفاقی  حکومت میں ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

ڈاکٹر سکندر سلطان راجا چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور چیف سیکریٹری آزادکشمیر کی خدمات بھی انجام دے چکے ہیں۔ وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم، سیکریٹری سیفران بھی رہے۔ ڈاکٹر سکندر سلطان راجا حال ہی میں سیکریٹری و چیئرمین ریلوے کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 839779
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش