QR CodeQR Code

ن لیگ اور پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، بلاول بھٹو زرداری

21 Jan 2020 15:59

کراچی میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی نے کہا کہ عوام اب معاشی قتل برداشت نہیں کرسکتے، حکومت ہر طرف سے عوام کے لئے عذاب بن چکی ہے، گیس، بجلی، پٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کردی گئی ہے، ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام دشمن ہے، پی ٹی آئی غریب دشمن معاشی پالیسی پر چل رہی ہے، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیوں میں فرق نہیں، عوام دشمن حکومت سے عوام کو حق دلوانا پڑے گا، ماننا پڑے گا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے ورنہ گھر جانا ہوگا، وفاق اٹھارویں ترمیم کے تحت سندھ کو حقوق دے، وفاق نے منصوبوں کے لئے سندھ کو ابھی تک فنڈز نہیں دیئے، وفاق سے اپنے مطالبے کی جدوجہد کرتے رہیں گے، وفاق کو سندھ کا حق چھیننے نہیں دیں گے۔ کراچی میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام اب معاشی قتل برداشت نہیں کرسکتے، حکومت ہر طرف سے عوام کے لئے عذاب بن چکی ہے، گیس، بجلی، پٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کردی گئی ہے، ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے نام پر غریب عوام کے سر سے چھتیں چھین لی گئیں، پی ٹی آئی حکومت ہر طرح سے غریب عوام کا خون چوس رہی ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پنجاب کا آئی جی تبدیل ہوجاتا ہے لیکن وزیراعلیٰ کو پتہ ہی نہیں ہوتا، کیا آج تک سندھ ایک کالونی ہے؟ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے وزراء کم وسائل میں زیادہ کام کررہے ہیں، ایک سال سے سندھ میں جرائم بڑھ رہے ہیں، اپنی ناکامی اور نااہلی چھپانے کے لئے سب کچھ کیا جارہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پر عوام ہم سے ناراض ہیں، نالائق حکومت ہمیں تقسیم کرنے کی کوشش کررہی ہے، ایک پاکستان میں قانون بھی ایک ہی ہونا چاہیئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سندھ حکومت نے تاریخی منصوبے کا افتتاح کیا ہے، پانی کا مسئلہ حل کرنا سندھ حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کا مسئلہ ایک دن میں حل نہیں ہوسکتا، سندھ حکومت نے ہزاروں کلومیٹر کی پانی کی پائپ لائنز بچھائیں، لیاری میں بھی پانی کی فراہمی کا منصوبہ چل رہا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وفاق اٹھارویں ترمیم کے تحت سندھ کو حقوق دے، وفاق نے منصوبوں کے لئے سندھ کو ابھی تک فنڈز نہیں دیئے، وفاق نے سندھ میں ایک پتھر تک نہیں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں واٹر پائپ لائن کے منصوبے چل رہے ہیں، وفاقی وزیر نے اسمبلی میں کہا تھا کہ سندھ کا پانی چوری ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سے اپنے مطالبے کی جدوجہد کرتے رہیں گے، وفاق کو سندھ کا حق چھیننے نہیں دیں گے، وفاق سندھ سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔


خبر کا کوڈ: 839795

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839795/ن-لیگ-اور-پی-ٹی-آئی-کی-معاشی-پالیسیوں-میں-کوئی-فرق-نہیں-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org