QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، پولیس لائنز میں انسداد دہشتگردی کارروائیوں کی مشقیں

21 Jan 2020 17:13

فرضی مشق کے دوران پولیس جوانوں نے مزاحمت کاروں کے خلاف طاقت کے استعمال اور اُن کی گرفتاری عمل میں لانے کے علاوہ پولیس کے ساتھ مزاحمت کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور مزاحمت کاروں کے حملے سے خود کو محفوظ رکھنے کی ڈرل دہرائی اور مختلف فارمیشنز کا عمالی مظاہرہ پیش کیا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں حساس مقامات کی موثر نگرانی اور انسدادی دہشتگردی کے حوالے سے پولیس فورس کی عملی مشقوں کا سلسلہ جاری ہے، مشقوں کا مقصد پولیس جوانوں کی پیشہ وارانہ استعدادی صلاحیتوں کو بڑھانے اور کسی بھی ممکنہ گڑ بڑ کی صورت میں عوام کی جان و مال اور سرکاری و نجی املاک کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ مشقوں میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکار وں نے حصہ لیا۔ اس سلسلہ میں پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردانہ حملے کو بھرپور دفاعی انداز میں ناکام بنانے کی غرض سے فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں نے حملہ آوروں کا مقابلہ کرنے اور یرغمالیوں کو بحفاظت باہر نکالنے کا عملی مظاہرہ کیا۔ فرضی مشق کے دوران پولیس جوانوں نے مزاحمت کاروں کے خلاف طاقت کے استعمال اور اُن کی گرفتاری عمل میں لانے کے علاوہ پولیس کے ساتھ مزاحمت کے دوران زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور مزاحمت کاروں کے حملے سے خود کو محفوظ رکھنے کی ڈرل دہرائی اور مختلف فارمیشنز کا عمالی مظاہرہ پیش کیا۔ پولیس لائنز ڈیرہ میں منعقد فرضی مشق کے موقع پر پولیس جوانوں نے علاقے کو گھیرے میں لیے رکھا اور حفاظتی اقدامات و ہائی الرٹ سکیورٹی کے تحت مقامی آبادی کو محفوظ رکھنے کے لیے بھی مناسب اقدامات اُٹھائے گئے تھے۔

پولیس کی فرضی مشقوں کے تمام تر عوامل کی نگرانی ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر)واحد محمود کر رہے تھے جبکہ ڈی ایس پی ایلیٹ فورس یوسف خان اور مقامی تھانہ چھاونی کے ایس ایچ او نے انسداد دہشت گردی کی مشق کے اپریشنل دستوں کی کمانڈ سنبھال رکھی تھی، موقع پر موجود ضلعی سربراہ نے کائونٹر ٹیرارزم کی فرضی مشقوں میں حصہ لینے والے پولیس اور ایلیٹ فورس کے جوانوں کی عملی طور پر پیش کردہ اپریشنل کاروائی کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے اُن کی بہترین پیشہ وارانہ کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور اُنھیں مزید احتیاطی تدابیر اپنانے او راپنے دفاعی تجربات میں مزید مہارت حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ ضلع بھر میں انسداد دہشت گردی اور نگرانی کی موثر حکمت عملی کے تحت جاری پولیس فورس کی عملی مشقوں کے مقاصد اور افادیت کے حوالے سے ڈی پی او ڈیرہ کا کہنا ہے کہ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ پولیس کی اوالین ذمہ داری ہے جبکہ قانون کی حکمرانی اور ریاست کی رٹ کو برقرار رکھنا پولیس فورس کی حلف وفادای کا نقطہ نظر ہے۔ جس کے لیے تمام توانائیوں کوبروئے کار لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے تجربے اور درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نبرد آزما پولیس فورس امن کی ضامن بن چکی ہے، ڈی پی او نے پولیس جوانوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے منعقد فرضی مشقوں میں حاصل کردہ تجربے کو عوام کے بہتر مفاد کے لیے بروئے کار لائیں اور پرفیشنلزم کی بنیا د پر مطلوبہ اہداف حاصل کرنے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں تاکہ شر پسند عناصر کو اپنے مزموم عزائم کی تکمیل کا کوئی موقع نہ ملے اور علاقے میں امن کی فضاء قائم رہے۔ اُنھوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز کا بھرپور دفاع یقینی بنانے کے لیے پولیس جوانوں کی عملی مشقوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ پیشہ وارانہ تجربات سے بہتر انداز میں روشناس کر کے اُن کی انسدادی صلاحیتوں کو مزید بڑھایا جائے۔ ان مشقوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس اہلکاروں کو نقد انعامات سے نوازا گیا۔


خبر کا کوڈ: 839808

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839808/ڈی-ا-ئی-خان-پولیس-لائنز-میں-انسداد-دہشتگردی-کارروائیوں-کی-مشقیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org