QR CodeQR Code

فضل الرحمان کی چالبازیوں نے اُنکی پُراسرار سیاست کو بے نقاب کر دیا، محفوظ مشہدی

21 Jan 2020 19:21

جے یو پی اور (ن) لیگ کے رہنما کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کی سولو فلائٹ اپوزیشن کو کمزور کرنے کا باعث بنے گی، پارلیمنٹ میں عددی اکثریت رکھنے والی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پر مشتمل حقیقی اپوزیشن سے بالاتر یا اسے نظر انداز کرکے کسی بھی پلیٹ فارم کی تشکیل قوم کی تقسیم اور عوام کو دھوکا دینے کے مترادف ہوگی۔ دونوں سابقہ حکمران جماعتیں ہی اصل اپوزیشن اتحاد ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اور پی پی 68 سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر پیر سید محفوظ مشہدی نے حزب اختلاف کے نئے اتحاد کی کاوشوں پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی سولو فلائٹ اپوزیشن کو کمزور کرنے کا باعث بنے گی، پارلیمنٹ میں عددی اکثریت رکھنے والی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پر مشتمل حقیقی اپوزیشن سے بالاتر یا اسے نظر انداز کرکے کسی بھی پلیٹ فارم کی تشکیل قوم کی تقسیم اور عوام کو دھوکا دینے کے مترادف ہوگی۔ دونوں سابقہ حکمران جماعتیں ہی اصل اپوزیشن اتحاد ہے۔ مولانا رنگ میں بھنگ نہ ڈالیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن متحدہ مجلس عمل کے اتحاد کو بھی برقرار نہیں رکھ سکے، مذہبی قوتوں کے پانچ جماعتی اتحاد کا الیکشن 2018ء کے بعد کوئی اجلاس تک نہیں بلوایا گیا، انتخابات میں دھاندلی کیخلاف گرینڈ اپوزیشن اتحاد تشکیل دیا گیا مگر اس سے بھی دھوکہ کیا گیا۔

پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی چالبازیوں نے ان کی پُراسرار اور بے ڈھنگی سیاست کو بے نقاب کر دیا ہے، انہوں نے آزادی مارچ کے نام پر مذہبی اجتماع کیا مگر دھرنا ختم کرنے کے بدلے میں کوئی ایک بھی اسلامی شق تک منظور نہیں کروائی، وہ حکومت تبدیلی بارے کچھ نہیں کر سکے جس کے بارے میں دسمبر کی تاریخ دی جا رہی تھی مگر اب تو جنوری بھی ختم ہونیوالا ہے، کچھ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءا للہ کے ساتھ مسلم لیگ ق کے رابطے واضح ہو چکے ہیں اپوزیشن مضبوط اور حکومت کمزور ہو رہی ہے، پنجاب میں حکومتی اتحاد کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھٹنے والی ہے، ان حالات میں مولانا فضل الرحمان حقیقی اپوزیشن کے بغیر اتحاد بنا کر کس کی خدمت کرنا چاہتے اور کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں؟


خبر کا کوڈ: 839829

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839829/فضل-الرحمان-کی-چالبازیوں-نے-ا-نکی-پ-راسرار-سیاست-کو-بے-نقاب-کر-دیا-محفوظ-مشہدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org