QR CodeQR Code

چیف جسٹس گلزار احمد سے گلگت بلتستان بار کونسل کے وفد کی ملاقات

21 Jan 2020 21:14

ملاقات میں جی بی کی عدلیہ و بار سے متعلق مسائل سے چیف جسٹس آف پاکستان کو آگاہ کیا گیا اور جی بی کے حقوق اور آئینی حیثیت سے متعلق 17 جنوری 2019ء کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کرانے کی درخواست کی۔


 اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد سے گلگت بلتستان بار کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جی بی کے آئینی حقوق پر سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئینی حیثیت کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں چیئرمین بار کونسل جاوید احمد، سینئر ایڈووکیٹ اسداللہ خان، جاوید احمد ایڈووکیٹ اور لطیف شاہ ایڈووکیٹ شامل تھے۔ میٹنگ میں جی بی کی عدلیہ و بار سے متعلق مسائل سے چیف جسٹس آف پاکستان کو آگاہ کیا گیا اور جی بی کے حقوق اور آئینی حیثیت سے متعلق 17 جنوری 2019ء کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کرانے کی درخواست کی۔ اس موقع پر وائس چیرمین جاوید اقبال ایڈوکیٹ نے چیف جسٹس گلزار احمد کو ان کی بطور چیف جسٹس تقرری پر جی بی کے وکلاء کیطرف سے مبارک باد دی اور چیف جسٹس کو جی بی کے دورے کی دعوت دی۔

سینئر وکیل اسد اللہ خان نے کہا کہ گلگت بلتستان سے متعلق سپریم کورٹ آف پاکستان نے 1999ء میں جی بی کے عوام کو پاکستانی شہریوں کے برابر تمام حقوق دینے کا فیصلہ دیا تھا جس پر عملدرآمد کے لئے وکلاء سپریم کورٹ آف پاکستان آئے اور سپریم کورٹ نے 2019ء میں جی بی کو سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ایک خصوصی آئینی حیثیت دیکر پاکستان کے تمام آئینی و سیاسی اداروں میں نمائندگی دینے کا تاریخ ساز فیصلہ دیا۔ وفاق بے بنیاد بہانوں سے اس پر آج تک عملدرآمد نہیں کروا رہا، اس وجہ سے جی بی کی اعلی عدلیہ میں ججز کی تعیناتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت بذریعہ جوڈیشل کمیشن نہی ہو رہی اور سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری عملدرآمد سے گلگت بلتستان کی عدلیہ میں ججز کی تعیناتی جلد سے جلد میرٹ پر کی جا سکے گی۔

سابق وائس چئرمین جاوید احمد ایڈووکیٹ نے چیف جسٹس کے سامنے سپریم کورٹ کے فیصلے کی راہ میں حائل مقامی سیاسی و افسر شاہی کی جانب سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹوں کی نشاندہی کی اور سپریم کورٹ کے جی بی سے متعلق فیصلے میں جسٹس گلزار احمد کے فعال کردار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ سابق وائس چئرمین لطیف شاہ نے جی بی کے بنج و بار سے متعلق مسائل سے چیف جسٹس آف پاکستان کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کا جی بی سے متعلق فیصلے پر ہر حال میں عملدرآمد کرایا جائے گا۔ وہ خود اس کیس کو ابتداء سے لارجر بینج میں بیٹھ کر سنتے رہے ہیں اور آخری فیصلے کے وقت امریکہ کے دورے پر ہونے کی وجہ سے موجود نہ تھے، ذاتی طور پر جی بی سے متعلق کیس سے وہ پوری طرح آگاہ ہیں اور گلگت بلتستان بھی آتے رہے ہیں۔ انشاء اللہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ بھی کرینگے۔ چیف جسٹس نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کا پوری طرح تحفظ کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 839851

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839851/چیف-جسٹس-گلزار-احمد-سے-گلگت-بلتستان-بار-کونسل-کے-وفد-کی-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org