QR CodeQR Code

موجودہ حکومت کے تمام اقدامات عوامی مینڈنٹ کی کھلی خلاف ورزی ہیں، عابدہ حسین بخاری 

21 Jan 2020 23:53

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی پی ملتان کی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران صرف اور صرف انتقام کی سیاست کررہے ہیں، سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس بنانا کھلا انتقام ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی ویمن ونگ کی سٹی صدر عابدہ حسین بخاری نے کہا ہے کہ آٹے کے بحران نے غریب کے چولہے ٹھنڈے کردیے ہیں، یہ صورتحال موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی سیکرٹریٹ ویمن ونگ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ جس میں نورین بی بی، رقیہ شبیر اور پروین نصیر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ عابدہ بخاری نے کہا کہ جو حکومت لوگوں کو آٹا فراہم نہیں کرسکتی وہ عوام کو ریلیف کس طرح فراہم کرے گی۔ حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے عوام شدید احتجاج پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ غریب لوگ جو روزانہ کلو 2 کلو آٹا خریدتے ہیں انہیں آٹا دستیاب نہیں ہے۔ عابدہ بخاری نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران صرف اور صرف انتقام کی سیاست کررہے ہیں۔ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس بنانا کھلا انتقام ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے تمام اقدامات عوامی مینڈنٹ کی کھلی خلاف ورزی ہیں جس پر عوام سراپا احتجاج ہیں۔ پیپلزپارٹی کل بھی عوام کے ساتھ تھی آج بھی ساتھ ہے اور کل بھی عوام کے ساتھ ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 839889

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839889/موجودہ-حکومت-کے-تمام-اقدامات-عوامی-مینڈنٹ-کی-کھلی-خلاف-ورزی-ہیں-عابدہ-حسین-بخاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org