QR CodeQR Code

امریکی صدر کی ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرنے کی پیشکش

22 Jan 2020 01:47

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہم کشمیر کی صورتحال پر بھی بات کرینگے۔ انہوں نے ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیووس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی۔ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان انتہائی خوشگوار ماحول میں سائڈ لائن ملاقات ہوئی۔ باضابطہ ملاقات سے قبل میڈیا سے مشترکہ گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی، امریکی صدر کے ساتھ افغان امن عمل پر بھی بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پر امریکا اور پاکستان ایک صفحے پر ہیں جبکہ افغانستان میں قیام امن، طالبان اور حکومت کے معاملات کا مذاکرات سے حل چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا ایک بڑا مسئلہ بھارت کے ساتھ معاملات ہیں، امید ہے کہ امریکا اس معاملے کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا، کیونکہ بھارت کے ساتھ معاملات کوئی دوسرا ملک حل نہیں کرسکتا۔ اس موقع پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان میرے دوست ہیں، ان سے دوبارہ ملاقات پر خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں جبکہ دونوں ممالک آج سے پہلے اتنے قریب کبھی نہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات میں کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جو کچھ ہو رہا ہے، اس کا بغور جائزہ لے رہے ہیں جبکہ میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کردار ادا کرسکتا ہوں۔


خبر کا کوڈ: 839918

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839918/امریکی-صدر-کی-ایک-بار-پھر-مسئلہ-کشمیر-کے-حل-میں-کردار-ادا-کرنے-پیشکش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org