QR CodeQR Code

زرعی ملک میں آٹے کا بحران حیران کن اور شرمناک ہے، اعجاز ہاشمی

22 Jan 2020 18:32

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی اور دو صوبائی حکومتیں سندھ کو بحران کا ذمہ قرار دے رہی ہیں۔ اس سے زیادہ شرمناک بات نہیں ہو سکتی کہ کوئی حکومت افسوسناک بحران کی ذمہ داری لینے اور تحقیقات کرنے کو تیار نہیں۔ ہم عدلیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ آٹے اور چینی کے بحران کے پیچھے چھپے مافیا کو بے نقاب کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے زرعی ملک میں گندم اور آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنا حیران کن اور شرمناک ہے، پہلے عمران خان کی اے ٹی ایم مشینوں نے گندم افغانستان بھجوائی اور اب بیرون ملک سے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ بھی پی ٹی آئی کے کرپٹ اور منافع خور مافیا کو فائدہ پہنچانے کیلئے کیا گیا ہے۔ آٹے کے بحران پر الزامات کی سیاست کرنے کی بجائے، حکومت اس بحران کو ختم کرے۔ پی ٹی آئی کی وفاقی اور دو صوبائی حکومتیں سندھ کو بحران کا ذمہ قرار دے رہی ہیں۔ اس سے زیادہ شرمناک بات نہیں ہو سکتی کہ کوئی حکومت افسوسناک بحران کی ذمہ داری لینے اور تحقیقات کرنے کو تیار نہیں۔ ہم عدلیہ سے اپیل کرتے ہیں کہ آٹے اور چینی کے بحران کے پیچھے چھپے مافیا کو بے نقاب کرے۔

لاہور میں جے یو پی کی میڈیا ٹیم کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ جب سے عمران خان سلیکٹڈ وزیراعظم بنے ہیں عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور بے برکتی بڑھ گئی ہے۔ غریب کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں۔ حکومت نے مہنگائی کرکے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہے اور اب وزیراعظم عمران خان لوگوں کو قبر کے راستے بتا رہے ہیں۔ آٹے، چینی، بجلی گیس کی قیمتوں میں کمی نہ ہوئی تو وہ دن دور نہیں جب بیروزگاری اور مہنگائی کے ستائے عوام کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبان تک پہنچ جائیں گے۔ نیا پاکستان کے خواب دکھانے والوں نے عوام کا جو حشر کر دیا ہے ان حالات میں معاشرے میں جرائم اور خودکشی کی شرح میں اضافے کا خدشہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 839935

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839935/زرعی-ملک-میں-ا-ٹے-کا-بحران-حیران-کن-اور-شرمناک-ہے-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org