QR CodeQR Code

آصف زرداری کیخلاف ایک اور ملزم وعدہ معاف گواہ بن گیا

22 Jan 2020 11:50

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ فریال تالپور، عبد الغنی مجید، عدیل راشدی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق صدر آصف زرداری اور انور مجید پیش نہ ہوئے۔ جج نے آصف زرداری کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آج فرد جرم عائد کی جانی ہے، شریک ملزم انور مجید کہاں ہیں؟۔


اسلام ٹائمز۔ پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف ایک اور ملزم وعدہ معاف گواہ بن گیا ہے جبکہ احتساب عدالت نے آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی موخر کر دی ہے۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔ فریال تالپور، عبد الغنی مجید، عدیل راشدی سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق صدر آصف زرداری اور انور مجید پیش نہ ہوئے۔ جج نے آصف زرداری کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آج فرد جرم عائد کی جانی ہے، شریک ملزم انور مجید کہاں ہیں؟۔ وکیل نے بتایا کہ انور مجید کراچی کے اسپتال میں ہیں اور ان کی میڈیکل رپورٹس موجود ہیں۔ نیب پراسکیوٹر نے استدعا کی کہ ہم نے ریفرنس دائر کر رکھا ہے، ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے۔ فاروق نائیک نے اعتراض کیا کہ عبوری ریفرنس پر فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔ سید حسین فیصل جاموٹ میگامنی لانڈرنگ کیس میں نیب کا گواہ بن گیا۔ نیب نے ملزم سید حسین فیصل جاموٹ کے وعدہ معاف گواہ بننے سے متعلق رپورٹ بھی احتساب عدالت میں پیش کردی۔ اس سے قبل 3 ملزمان کرن امان، نورین سلطان اور اسلم مسعود پہلے ہی نیب کے گواہ بن چکے ہیں۔ عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی موخر کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کو انور مجید کو ایئرایمبولینس کے ذریعے عدالت لانے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔


خبر کا کوڈ: 839956

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/839956/ا-صف-زرداری-کیخلاف-ایک-اور-ملزم-وعدہ-معاف-گواہ-بن-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org