0
Wednesday 22 Jan 2020 12:37

چینی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، عثمان بزدار

چینی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، عثمان بزدار
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں چینی کی کوئی قلت نہیں، طلب سے زائد ذخائر موجود ہیں۔ لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، پنجاب حکومت اس کے استحکام کیلئے ہرممکن اقدام کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے اور مجھے صوبے کے عوام کا مفادبے حد عزیز ہے، کسی کو من مانی نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چینی کی قیمت میں بلاجواز اضافہ روکنے کیلئے ہر آپشن استعمال کیا جائے، محکمہ خوراک، صنعت اور زراعت مربوط کوآرڈینیشن کے تحت چینی کے نرخوں میں استحکام کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کی پرواہ نہیں، صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر اقدام کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں چینی کی پیداوار تقریباََ 55 لاکھ ٹن رہی تھی اور اس وقت بھی گنے کی کٹائی کا موسم چل رہا ہے۔ عام طور پر چینی کے سیزن میں اس کا ہول سیل ریٹ کم ہو جاتا ہے کہ لیکن اس بار 80 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ شوگر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے مطابق 100 کلو چینی کا تھیلا 7300 روپے سے بڑھ کر 7550 روپے کا ہوگیا ہے۔ معاملے کی نوعیت سے باخبر افراد کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے چینی کی برآمد نہ روکی تو پاکستان میں اس کی قیمت 100 روپے فی کلو تک جا سکتی ہے۔

 
خبر کا کوڈ : 839974
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش