0
Wednesday 22 Jan 2020 12:52

روندو شنگوس گائوں مسلسل آفٹرشاکس کی زد میں ہے، حکومت ماہرین کو بلائے، فدا ناشاد

روندو شنگوس گائوں مسلسل آفٹرشاکس کی زد میں ہے، حکومت ماہرین کو بلائے، فدا ناشاد
اسلام ٹائمز۔ سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلتستان میں تحصیل روندو کے گاوں شنگوس کے باشندے حالیہ زلزلے کے بعد وقفہ وقفے سے مسلسل آفٹرشاکس کی زد میں ہونے کی وجہ سے خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ شنگوس کے نمبردار محمد نذیر نے انہیں ٹیلیفون کے ذریعے یہ اطلاع دیتے ہوئے گائوں کے باشندوں پر مسلط اس خوف اور پریشانی سے نجات دلانے میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ سپیکر کو یہ اطلاع بھی ملی ہے کہ ان کے لئے کچھ خیمے اور گرم کمبل وغیرہ تو حکومت پہنچا چکی ہے لیکن عوام کا مطالبہ ہے کی ان آفٹر شاکس کا جائزہ لینے کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں۔ 1992ء کے زلزلے کے بعد بھی ایسے حالات سے نمٹنے کے لئے حکومت نے ماہرین کی ٹیم لائی تھی، جنہوں نے کئے ہفتوں تک خود ان جھٹکوں کا مشاھدہ کرنے کے بعد اس گائوں کو غیر محفوظ قرار دیا تھا اور لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا تھا۔ بعد از آں آہستہ آہستہ جب یہ زلزلے کا سلسلہ ختم ہو گیا تو لوگ بھی غافل ہو گئے۔ اب ایک مرتبہ پھر ان حالات نے لوگوں کو پریشانی سے دو چار کر دیا ہے۔ سپیکر نے بتایا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ ان پریشان کن حالات کا جائزہ ماہرین کے ذریعے لینے کا اہتمام کرے اور اس کا مستقل حل تلاش کیا جائے تاکہ آنے والے دنوں میں کسی ناخوشگوار واقعے سے عوام کو بچایا جا سکے۔ جس کے لئے ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کو متحرک کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 839980
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش