QR CodeQR Code

نوشہرہ میں بچی کا زیادتی کے بعد قتل، وزیراعلٰی کے پی نے اجلاس طلب کرلیا

22 Jan 2020 13:40

نوشہرہ میں بچی سے مبینہ زیادتی اورقتل کے کیس میں بچی کی پوسٹمارٹم رپورٹ تاحال نہیں ملی، پولیس کا کہنا ہے پوسٹمارٹم رپورٹ 15 دن میں تیار ہوگی، بچی سے زیادتی کی تصدیق رپورٹ آنے کے بعد ہوسکے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمودخان نے نوشہرہ میں بچی سے زیادتی کے بعد قتل کے واقعے پر اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، جبکہ بچی کی پوسٹمارٹم رپورٹ تاحال نہیں ملی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمودخان نے نوشہرہ میں بچی سے زیادتی کے بعد قتل کے واقعے پر اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آر پی او مردان، ڈی پی او نوشہرہ اور ایس پی انوسٹی گیشن اجلاس میں شریک ہوں گے اور پولیس حکام کیس میں ہونے والی تفتیش پر بریفنگ دیں گے۔ دوسری جانب نوشہرہ میں بچی سے مبینہ زیادتی اورقتل کے کیس میں بچی کی پوسٹمارٹم رپورٹ تاحال نہیں ملی، پولیس کا کہنا ہے پوسٹمارٹم رپورٹ 15 دن میں تیار ہوگی، بچی سے زیادتی کی تصدیق رپورٹ آنے کے بعد ہوسکے گی۔ پولیس کے مطابق نوشہرہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں جدید طبی سہولتیں میسر نہیں ہیں، اس لئے پوسٹ مارٹم کے ایم سی پشاور سے کرایا گیا ہے۔ یاد رہے نوشہرہ کے علاقے کاکا صاحب میں 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، بچی دو دن سے لاپتا تھی اور اس کی لاش کنویں سے ملی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ قتل کے الزام میں 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم ابدار نے جرم کا اعتراف بھی کیا۔ نوشہرہ پولیس کے مطابق ملزم بچی کے والد کا ملازم تھا، مدرسے جاتے ہوئے بچی کو درندگی کا نشانہ بنایا گیا، لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئی ہے، واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 840003

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840003/نوشہرہ-میں-بچی-کا-زیادتی-کے-بعد-قتل-وزیراعل-ی-پی-نے-اجلاس-طلب-کرلیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org