QR CodeQR Code

آئی جی سندھ پروفیشنل ہونے کے بجائے پولیٹیکل بن رہے ہیں، ترجمان صوبائی حکومت

22 Jan 2020 23:46

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت کے نااہل رہنما بریکنگ نیوز اور خبریں بنانے کے بجائے سامنے آئیں اور عوام کی خدمت کریں، ڈیڑھ سال ہونے کو آرہا ہے، مگر ان نااہل حکمرانوں کو باتیں کرنے سے ہی فرصت نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نےکہا ہے کہ آئی جی سندھ پولیسنگ پر توجہ دیں، وہ محاذ آرائی میں پروفیشنل بننے کے بجائے پولیٹیکل بنتے جا رہے ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آئی جی کا کام ملاقاتیں کرنا نہیں، بلکہ بہترین پولیسنگ کا کردار ادا کرنا ہے، اس معاملہ پر کوئی بحران پیدا نہیں ہوا، بلکہ وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور امید ہے کہ جس طرح پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صوبائی مشاورت کے زمرے میں اقدامات اٹھائے گئے، بالکل اسی طرح سندھ میں وفاقی حکومت صوبہ کی رائے کا احترام کرے، کیونکہ وزیراعظم اس وقت بیرون ملک کے دورے پر ہیں، ان کی وطن واپسی پر یہ معاملہ احسن طریقے سے حل کر دیا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت کے نااہل رہنما بریکنگ نیوز اور خبریں بنانے کے بجائے سامنے آئیں اور عوام کی خدمت کریں، ڈیڑھ سال ہونے کو آرہا ہے، مگر ان نااہل حکمرانوں کو باتیں کرنے سے ہی فرصت نہیں، جبکہ سندھ حکومت کے عملی اقدامات آج عوام کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آٹے کا بحران سندھ حکومت نے پیدا کیا ہے، وہاں تو تحریک انصاف کی لاڈلی حکومت ہے، ان کو صرف سندھ حکومت کا فوبیا ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کے بحران سے نپٹنے کے بجائے تحریک انصاف نے اپنی توپوں کا رخ سندھ حکومت کی جانب کر دیا ہے، کیا گندم امپورٹ کرنے کا فیصلہ سندھ حکومت نے کیا ہے، جس کی مخالفت اب وفاقی وزراء بھی کر رہے ہیں، مگر یہ عقل و شعور سے عاری ہیں، ان کو عوامی ریلیف کا احساس تک نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 840096

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840096/آئی-جی-سندھ-پروفیشنل-ہونے-کے-بجائے-پولیٹیکل-بن-رہے-ہیں-ترجمان-صوبائی-حکومت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org