QR CodeQR Code

سعودی عرب میں مہنگائی کی لہر، اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ

22 Jan 2020 22:28

چاولوں کے نرخ 10 سے 15 فیصد تک بڑھ گئے۔ ایک ٹن چاول اکتوبر 2019ء میں 3 ہزار 372 یا ساڑھے 3 ہزار ریال میں دستیاب تھا، اب اس کی قیمت بڑھ کر 3 ہزار 747 تا 4 ہزار 122 ریال ہوگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب میں مختلف وجوہات کی بنا پر کچھ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، مرغی کے بعد چاول بھی مہنگے کر دیئے گئے۔ سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں چاولوں کے نرخ 10 سے 15 فیصد تک بڑھ گئے۔ ایک ٹن چاول اکتوبر 2019ء میں 3 ہزار 372 یا ساڑھے 3 ہزار ریال میں دستیاب تھا، اب اس کی قیمت بڑھ کر 3 ہزار 747 تا 4 ہزار 122 ریال ہوگئی ہے۔ مارکیٹ ماہرین کے مطابق چاول مہنگے ہونے کی بنیادی وجہ اکتوبر کے مقابلے میں جنوری 2020ء کے دوران چاول کی رسد کم ہونا ہے۔ دوسری جانب چاول اضافی مقدار میں خریدنے کا رجحان بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ چاول برآمد کرنے والی بھارتی کمپنیوں نے بھی فی ٹن 100 تا 150 ڈالر کا اضافہ کر دیا ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی مارکیٹ میں انڈین چھوٹی الائچی کی قیمت بھی 90 فیصد بڑھ گئی ہے۔ انڈین چھوٹی الائچی 90 ریال فی کلو میں فروخت ہو رہی تھی۔ اب اس کی قیمت 160 ریال ہوگئی ہے اور یہ سعودی مارکیٹ میں بہت کم دستیاب ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں مرغی کمپنیوں نے بھی پیر 20 جنوری سے مرغی کے گوشت کے نرخ 10 سے 12.5 فیصد تک بڑھا دیئے ہیں۔ مرغی کمپنیوں نے یہ اضافہ قومی چارہ فیکٹریوں کی جانب سے مصنوعات کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اضافے پر کیا ہے۔ حکومت نے یکم جنوری 2020ء سے چارے پر سبسڈی ختم کر دی ہے، جس کے بعد چارہ تیار کرنے والی فیکٹریوں نے بھی اپنی قیمتوں میں اضافہ کر دیا۔


خبر کا کوڈ: 840114

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840114/سعودی-عرب-میں-مہنگائی-کی-لہر-اشیائے-خورد-نوش-قیمتوں-اضافہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org