0
Thursday 23 Jan 2020 21:13
سابق حکمران کرپشن کرتے تھے، یہ ہڑپشن کر رہے ہیں

ٹرمپ کشمیر پر ثالثی کے بیان دیکر دھوکہ دے رہا ہے، سراج الحق

کشمیر پر ایک اور تقریر اور ثالثی کی باتوں کے سوا کچھ نہیں ہوا
ٹرمپ کشمیر پر ثالثی کے بیان دیکر دھوکہ دے رہا ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں علماء کنونشن سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ بھارت آئے روز ایل او سی پر حملے کرکے معصوم لوگوں کا قتل عام کر رہا ہے، مودی نے 80 لاکھ کشمیری مسلمانوں کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہ شدید برفباری میں زندگی کی بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہیں، بھارتی جرنیل روزانہ پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور ہمارے وزیراعظم کہتے ہیں کہ بھارت سے جنگ کا کوئی امکان نہیں، یہ تو ایسے ہی ہے کہ کوئی بدمعاش تھپڑ مارے اور اس کو کہا جائے کہ میں امن پسند اور شریف ہوں اس لیے آپ کا جواب نہیں دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو پوری قوم کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی اور بھارت کی ریاستی دہشتگردی کیخلاف سڑکوں پر ہوگی، کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت اور پاکستان کی سالمیت اور تحفظ کا مسئلہ ہے، تمام علمائے کرام قوم کو 5 فروری یوم یکجہتی کیلئے تیار کریں۔

سراج الحق نے کہا کہ علمائے حق انبیاء علیہ السلام کے مشن کے اصل وارث ہیں اور معاشرے میں ان کا عزت و احترام اور اعلیٰ مقام ہے، ملک کے اندھیروں کو قرآن و حدیث کی روشنی سے ہی ختم کیا جا سکتا ہے، حکمران قرآن و سنت کا عشر و زکوٰۃ کا نظام نافذ کر دیتے تو آج انہیں آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلانا پڑتے نہ عوام کا خون نچوڑنے کی نوبت آتی، 2019ء کے حج پیکیج میں 45 ہزار کی سبسڈی واپس لیتے ہوئے ایک لاکھ 56 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا اور امسال ایک لاکھ پندرہ ہزار کا اضافہ کر کے نام نہاد تبدیلی حکومت نے ” آسان، سستا اور ہینڈسم “ پیکیج دیا ہے، حکمران آئی ایم ایف کے اہلکاروں پر تو آنکھیں بند کرکے یقین کرتے ہیں مگر اللہ اور رسول(ص) کے وعدوں پر یقین کرنے کو تیار نہیں، یہی وجہ ہے کہ ملک و قوم ان حکمرانوں کی نحوست کی وجہ سے بے برکتی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب پس کر رہ گیا ہے، لوگوں کے گھروں میں فاقے ہیں، وزیراعظم دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کے دعوے کرتے تھے مگر آج کہتے ہیں کہ مجھے ملنے والی تنخواہ سے میرے گھر کا خرچہ پورا نہیں ہوتا۔

سراج الحق نے کہا کہ سابق حکمران کرپشن کرتے تھے، یہ ہڑپشن کر رہے ہیں، ہڑپشن کرپشن کی بھی ماں ہے، سپریم کورٹ آٹا اور چینی بحران پیدا کرکے اربوں لوٹنے والوں کیخلاف اَز خود نوٹس لے، حکمران کہتے ہیں کہ ہم بوٹ والی سرکار کے بندے ہیں ان حکمرانوں کی پشت پر عوام نہیں نہ اس حکومت کو جمہوری حکومت کہا جا سکتا ہے، حکمرانوں کی کرپشن اور مہنگائی کیخلاف ملک بھر میں عوامی عدالتیں لگائیں گے، کرپشن میں اضافے پر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ”پڑھتا جا شرماتا جا“ عالمی اداروں نے حکومتی دعوؤں کا پول کھول دیا ہے، ملک میں کرپشن بڑھی اور جمہوریت کم ہوئی ہے، پاکستان کرپشن میں تین درجے ترقی کر گیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے اور احتساب کے بلند و بانگ دعوے کرنیوالے وزیراعظم کی آنکھیں کھولنے کے لیے عالمی اداروں کی رپورٹیں کافی ہیں، حکومت کی اپنی صفوں میں کرپشن کے کنگز موجود ہیں، وزراء ایک دوسرے کو زیادہ کرپٹ ہونے کے طعنے دے رہے ہیں، کرپشن سابقہ ادوار میں بھی ہوتی رہی مگر موجودہ حکومت نے تو ریکارڈ توڑ دیئے، اب تو جائز کاموں کیلئے بھی رشوت لی جاتی ہے۔

امیر جماعت نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور مایوسی مسلسل بڑھ رہی ہے، حکومتی دعوؤں پر اب کوئی بھی کان دھرنے کو تیار نہیں، پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر اسلامی و فلاحی مملکت دینی قوتیں اور علمائے کرام بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کشمیر پر ثالثی کے بیان دے کر ہمیں دھوکہ دے رہا ہے اسے جب بھی موقع ملا وہ مودی کا ساتھ دے گا، کشمیر پر ایک اور تقریر اور ثالثی کی باتوں کے سوا کچھ نہیں ہوا۔
خبر کا کوڈ : 840140
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش