QR CodeQR Code

ہمسایوں کیساتھ گفتگو کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ایران

23 Jan 2020 20:11

اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں ایرانی وزیر خارجہ نے لکھا کہ ہم خطے کے باہمی اتحاد میں اضافے پر مبنی ہر اقدام میں شریک ہونے کو تیار ہیں اور ہر ایسے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں، جو خطے کی عوام کی امیدیں بحال کرے اور خطے میں استحکام اور ترقی لائے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں خطے کے اندر استحکام، ترقی اور ہمسایہ ممالک کی عوام کی امیدیں بحال کرنے کیلئے گفتگو پر زور دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کیساتھ گفتگو کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، جس کی خاطر ایران نے اپنے ہمسایوں کیلئے دروازے کھول رکھے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ہم خطے کے باہمی اتحاد میں اضافے پر مبنی ہر اقدام میں شریک ہونے کو تیار ہیں اور ہر ایسے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، جو خطے کی عوام کی امیدیں بحال کرے اور خطے میں استحکام اور ترقی لائے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے گذشتہ روز ایک بین الاقوامی نیوز ایجنسی کیساتھ گفتگو میں ایران پر یکطرفہ الزامات عائد کرتے ہوئے تہران کیساتھ مذاکرات پر اپنی رضامندی کا اعلان کیا تھا۔ ورلڈ اکنامک فورم، ڈیوس میں فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایران کیساتھ گفتگو کیلئے تیار ہے، تاہم مذاکرات کا مسئلہ ایران کی آمادگی پر منحصر ہے، جبکہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف واضح الفاظ میں یہ کہہ چکے تھے کہ ہم سعودی عرب سمیت خلیج فارس کے تمام ممالک کیساتھ گفتگو اور خطے میں خصوصی طور پر آبنائے ہرمز میں امن و امان کی برقراری کیلئے اپنی پیشکشیں دینے کیلئے تیار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 840268

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840268/ہمسایوں-کیساتھ-گفتگو-کیلئے-ہمہ-وقت-تیار-ہیں-ایران

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org