QR CodeQR Code

20 سال تک کراچی خون میں نہاتا رہا، کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، گورنر سندھ

23 Jan 2020 23:31

کراچی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ لوگ مصلحت کا شکار تھے، شہر کمپرومائز ہوتا رہا، گینگ وار اور مافیا کراچی شہر پر قابض تھے، اس کے بعد رینجرز اور پولیس نے سنجیدہ ایکشن لیا، صوبے میں قیام امن کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ایک وقت تھا جب کراچی میں لاشیں گرتی تھیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، 20 سال تک یہ شہر خاک و خون میں نہاتا رہا، صوبے میں قیام امن کے لئے قانون نافذ کرنے والے داروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، غریب اور امیر کے لئے قانون ایک ہی ہونا چاہیئے، سندھ میں جو قیدی سزا پوری کرنے کے باوجود جیلوں میں ہیں اُن کا جرمانہ ہم بھرنے کو تیار ہیں، جیلوں سے غیر قانونی کام ہو رہے ہیں، ان کی روک تھام ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ قانون بنتا تو ہے مگر اس کا نفاذ ایک ضروری امر ہے، معاشرے میں چیک اینڈ بیلنس ضروری ہے، ہمیں معاشرے کی بہتری کے لئے کام کرنا ہوگا، ہمیں اللہ کی مخلوق کی مدد کرنی ہے، اس سے ہمارا رب راضی ہوگا۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کراچی میں لاشیں گرتی تھیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں تھا، 20 سال تک یہ شہر خاک و خون میں نہاتا رہا، لوگ مصلحت کا شکار تھے، کون پرچی دیتا ہے اور کون گولی مارتا ہے، شہر کمپرومائز ہوتا رہا، گینگ وار اور مافیا اس شہر پر قابض تھے، اس کے بعد رینجرز اور پولیس نے سنجیدہ ایکشن لیا، صوبے میں قیام امن کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ قیام امن کے لئے ایپکس کمیٹی بہت اہم ہے لیکن اس کا اجلاس نہیں ہورہا، تمام سیاسی جماعتوں کی اس میں نمائندگی ہے، ہمیں پارٹی، دوستی سے بالاتر ہوکر برابری کی بنیاد پر فیصلہ کرنا چاہیئے تب ہی معاشرے میں انصاف ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 840322

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840322/20-سال-تک-کراچی-خون-میں-نہاتا-رہا-کوئی-پوچھنے-والا-نہیں-تھا-گورنر-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org