QR CodeQR Code

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو اپنی ساکھ کا جائزہ لینا چاہیے، فردوس عاشق

24 Jan 2020 13:31

کوئٹہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ کرپشن صاف کرنے کے لیے 15 مہینے ناکافی ہیں، حکومت کرپشن زدہ نظام اور کرپشن سے فائدہ اٹھانے والوں کو شکست دے گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیرِاعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو اپنی ساکھ کا جائزہ لینا چاہیے۔ فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان چیپٹر کے سربراہ نے سابق دور میں نواز لیگ کی قیادت کو پذیرائی بخشی، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان چیپٹر کے سربراہ کو نواز لیگ نے نوازا اور سفیر مقرر کیا تھا، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو کون مانے گا؟۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا سب سے زیادہ کرپشن مشرف پھر عمران خان کے دور میں ہوئی ہے اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ تیسرے نمبر پر پیپلز پارٹی اور چوتھے نمبر پر نواز لیگ کے دور میں کرپشن ہوئی۔ فردوس عاشق اعوان نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کرپشن کی طویل داستان لکھی ہوئی ہے۔

گزشتہ روز فردوس عاشق اعوان نے بیان میں کہا تھا کہ موجودہ حکومت کا اب تک کرپشن کے حوالے سے کوئی بڑا اسکینڈل سامنے نہیں آیا ہے۔ کوئٹہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی آج سامنے آنے والی رپورٹ پر تبصرہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن صاف کرنے کے لیے 15 مہینے ناکافی ہیں، حکومت کرپشن زدہ نظام اور کرپشن سے فائدہ اٹھانے والوں کو شکست دے گی۔ واضح رہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا اپنی جاری کردہ نئی رپورٹ میں کہنا ہے کہ 2018ء کی نسبت 2019ء کے دوران پاکستان میں کرپشن بڑھی ہے۔


خبر کا کوڈ: 840372

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840372/ٹرانسپرنسی-انٹرنیشنل-کو-اپنی-ساکھ-کا-جائزہ-لینا-چاہیے-فردوس-عاشق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org