QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر میں اختلافات شدت اختیار کر گئے

24 Jan 2020 16:40

اسمبلی رولز کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ سے متعلق تمام اختیارات اسپیکر کے ہاتھوں میں ہوتے ہیں، جبکہ ڈپٹی اسپیکر کا کام انکی عدم موجودگی میں اسمبلی اجلاس کی صدارت کرنا اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے روزمرہ کے معاملات کو چلانا ہوتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر میں اختیارات کا تنازعہ سنگین ہوگیا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق احمد غنی اور ڈپٹی اسپیکر محمود جان کے درمیان اسمبلی کے حوالے سے اختیارات کے معاملے پر گذشتہ کچھ عرصہ سے تناﺅ جاری ہے جس میں وقت کے ساتھ شدت آگئی ہے، دونوں جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ سے متعلق اختیارات اپنے ہاتھوں میں رکھنے کیلئے کوششیں جاری ہیں جس کی وجہ سے اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسر اور اہلکار کنفیوژن کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں۔ اس بارے میں اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع نے بتایا کہ بعض محکموں کو دونوں جانب سے مختلف احکامات جاری کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے سرکاری محکمے بھی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ اس جنگ کی وجہ سے بعض امور پر کام بھی رک گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اسمبلی رولز کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ سے متعلق تمام اختیارات اسپیکر کے ہاتھوں میں ہوتے ہیں، جبکہ ڈپٹی اسپیکر کا کام ان کی عدم موجودگی میں اسمبلی اجلاس کی صدارت کرنا اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے روزمرہ کے معاملات کو چلانا ہوتا ہے۔

اسمبلی کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی جس کے چیئرمین اسپیکر ہوتے ہیں، تاہم کمیٹی میں ڈپٹی اسپیکر کو شامل کرنے اور اسپیکر کی عدم موجودگی میں پی اے سی اجلاسوں کی صدارت کرنے کا اختیار حاصل کرنے کیلئے بھی گذشتہ دنوں اسمبلی رولز میں ترمیم کی کوشش کی گئی تھی، تاہم اسمبلی ارکان کی جانب سے مخالفت کے باعث اس کی ایوان سے منظوری نہ لی جاسکی۔ اختیارات حاصل کرنے کا یہ معاملہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان کے نوٹس میں بھی لایا جاچکا ہے جو اسپیکر مشتاق احمد غنی سے دو سے تین ملاقاتیں کرچکے ہیں جس پر وزیراعلٰی کی جانب سے اسمبلی کے دونوں بڑوں کو معاملات افہام و تفہیم سے چلانے کیلئے کہا گیا ہے، اس بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ تنازعہ پی ٹی آئی کی قیادت کے بھی نوٹس میں ہے۔


خبر کا کوڈ: 840402

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840402/خیبر-پختونخوا-اسمبلی-کے-اسپیکر-ڈپٹی-میں-اختلافات-شدت-اختیار-کر-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org