QR CodeQR Code

شمالی وزیرستان، میرعلی کے تاجروں کی بنی گالہ کے سامنے احتجاج کی دھمکی

24 Jan 2020 17:00

تاجروں نے الزام لگایا کہ پہلے کئے گئے سروے میں حقدار کو اپنا حق نہیں دیا گیا، سروے پر ہمارے اعتراضات بھی ہیں، یہ متاثرہ دکاندار سال 1970ء سے کاروبار کر رہے ہیں لیکن پھر بھی اپنے جائز حقوق سے محروم ہیں، شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے دکانداروں کے 18 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے تاجروں نے مسمار دکانوں کا معاوضہ نہ ملنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے تحصیل میرعلی کی اہم شاہراہ کو احتجاجاً بند کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے تحصیل میرعلی ٹریڈ یونین کے صدر احمد گل، شریعت خان، فیض اللہ، شیر خان، تحسین اللہ، احمد خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے قبل شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں 7600 دکانیں واقع تھیں، یہ ساری دکانیں آپریشن ضرب عضب میں مسمار کردی گئی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ 7600 دکانات میں اب تک 3706 دکانداروں کو حکومت کی طرف سے معاوضہ ملا ہے، باقی 3500 سے زائدد کانداروں کو معاوضہ نہیں دیا گیا ہے۔ تاجروں نے الزام لگایا کہ پہلے کئے گئے سروے میں حقدار کو اپنا حق نہیں دیا گیا، سروے پر ہمارے اعتراضات بھی ہیں، یہ متاثرہ دکاندار سال 1970ء سے کاروبار کر رہے ہیں لیکن پھر بھی اپنے جائز حقوق سے محروم ہیں، شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے دکانداروں کے 18 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم نے قرضے لئے ہیں، مزید لوگ قرضے نہیں دے رہے ہیں اور متاثرہ دکانداروں کو اپنے نقصانات کے مطابق معاوضہ دے کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔ تاجروں نے اعلان کیا کہ جن لوگوں کے نقصانات ہوئے ہیں اور پہلے سروے سے رہ گئے ہیں وہ دکاندار 25 تاریخ تک یونین کے ساتھ اپنا فارم جمع کرائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم پہلے ضلعی انتظامیہ، ایم پی اے اور ایم این اے کے ذریعے مسائل کا خاتمہ چاہتے ہیں، اگر ڈی سی شمالی وزیرستان نے ہمارے مسائل کا حل نہیں نکالا تو مجبواً وزیراعلٰی خیبر پختونخوا ہاؤس کے ساتھ ساتھ بنی گالہ کے سامنے دھرنا دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 840404

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840404/شمالی-وزیرستان-میرعلی-کے-تاجروں-کی-بنی-گالہ-سامنے-احتجاج-دھمکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org