QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ کیخلاف اراکین اسمبلی نے کوئی گروپ نہیں بنایا، شوکت یوسفزئی

24 Jan 2020 20:25

ترجمان خیبر پختونخوا حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے نہ تو کسی کے خلاف کوئی چارج شیٹ بنائی ہے اور نہ ہی وزیراعظم کو ایسی کوئی چارج شیٹ پیش کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ معمول کی ملاقات میں وزیراعظم کو وزراء کی کارکردگی اور محکموں کی کارگزاری کے بارے میں مطلع کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ترجمان خیبر پختونخوا حکومت شوکت علی یوسفزئی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان کے خلاف اراکین اسمبلی نے کوئی پریشر گروپ نہیں بنایا۔ رہنماء تحریک انصاف اور ترجمان خیبر پختونخوا حکومت شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے نہ تو کسی کے خلاف کوئی چارج شیٹ بنائی ہے اور نہ ہی وزیراعظم کو ایسی کوئی چارج شیٹ پیش کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ معمول کی ملاقات میں وزیراعظم کو وزراء کی کارکردگی اور محکموں کی کارگزاری کے بارے میں مطلع کرتے ہیں، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان خود بھی صوبے کے تمام امور کے بارے میں وزیراعلیٰ سے رپورٹ لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان معمول کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں، ان کے خلاف کوئی پریشر گروپ نہیں بنا، اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ محمود خان کے خلاف کسی قسم کا کوئی گروپ نہیں بنایا، اختلافات کی خبریں حکومت کی صفوں میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے۔ شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ یہ حکومت کو ناکام بنانے کی کوشش ہے، میڈیا ایسی خبروں کو اڑانے سے گریز کرے اور خبر دینے سے پہلے تصدیق کرلیا کرے، ایسی خبروں سے صوبہ سے متعلق منفی تاثر پیداہوتا ہے اور میڈیا ہاؤسز کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 840437

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840437/وزیراعلی-کیخلاف-اراکین-اسمبلی-نے-کوئی-گروپ-نہیں-بنایا-شوکت-یوسفزئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org