QR CodeQR Code

ملتان، جماعت اسلامی کے زیراہتمام مہنگائی اور آٹے کے بحران کیخلاف احتجاجی مظاہرہ 

24 Jan 2020 22:26

مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم چور آٹا خور حکمرانوں نے عوام سے دو وقت کا نوالہ چھین لیا، موجودہ حکمرانوں نے اپنے افراد کو نوازنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔


 اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر جماعت اسلامی ضلع ملتان کے تحت آٹا، چینی بحران، مہنگائی، بیروزگاری اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کچہری چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل صہیب عمار صدیقی، امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے کی۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری جنرل صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ آٹے اور چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ موجودہ حکومت کرپٹ افراد کا ٹولہ ہے، وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ان کی تنخواہ میں ان کا اپنا گھر کا خرچہ پورا نہیں ہوتا۔ اگر وزیراعظم لاکھوں روپے تنخواہ وصول کرنے کے باوجود اپنا گھر کا ماہانہ خرچہ برداشت نہیں کرسکتے تو وہ غریب مزدور جس کی تنخواہ تبدیلی کے دور حکومت میں صرف 12ہزار روپے ہے وہ کیسے اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پالتا ہوگا؟ بدقسمتی تو یہ ہے کہ حکومت کی ترجیحات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا شامل نہیں۔ آٹا نایاب ہونے کے ساتھ ساتھ سبزیوں، دالوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں۔ تنخواہ دار طبقے کے چودہ طبق روشن ہوگئے ہیں۔ ایک طرف ڈالر کی قیمت بڑھنے سے روپے کی قدر میں 30فیصد سے زائد کمی ہوچکی ہے۔ دوسری طرف مہنگائی میں بھی 40فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے، بازار میں دالوں، سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو آگ لگی ہوئی ہے۔ اشیاخوردونوش اور ضروریات زندگی کی بات کی جائے تو رواں مالی سال کے دوران ٹماٹر 124فیصد، چینی 30فیصد اور دالیں 35فیصد تک مہنگی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ قرضوں میں اضافے کی بات کی جائے تو حکومت کو پہلے ایک سال کے دوران پاکستان کا غیر ملکی قرضہ 88ارب 19کروڑ 90لاکھ امریکی ڈالر تھا جبکہ ڈیڑھ سالوں میں 11سو ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

امیر جماعت اسلامی ضلع ملتان ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گندم چور آٹا خور حکمرانوں نے عوام سے دو وقت کا نوالہ چھین لیا، موجودہ حکمرانوں نے اپنے افراد کو نوازنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، ملک میں جاری مہنگائی کا طوفان برپا کرنے والوں کی واپسی کا وقت آگیا ہے، عوام کی بیداری کے ذریعے ملک میں تبدیلی ممکن ہے، آٹے چینی کا بحران حکمرانوں کا اپنا پیدا کیا ہوا ہے، ملک میں بڑھتی ہوئی کرپشن نے کرپشن مکاو منصوبے کو فلاپ کردیا ہے، پاکستان کی ضرورت دیانتدار و ایماندار قیادت ہے جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہو، موجودہ حکومت کرپٹ افراد کا ٹولہ ہے جو ملک کی تباہی اور بربادی کا ذمہ دار ہے، ملک میں مہنگائی کے ذریعے عوام سے دو وقت کی روٹی کا نوالہ چھینا جا رہا ہے، عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں ۔ موجودہ حکومت قرضوں پر ملک چلانے کی ناکام کوشش کر ر ہی ہے۔ اس سے غریب عوام کی حالت زار کبھی بدل نہیں سکتی۔  عوام سوال پوچھتے ہیں کہ کہاں ہیں 50 لاکھ گھر اور1کروڑ نوکریاں؟ ہم سمجھتے ہیں کہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد چینی بھی مہنگی کر دی گئی جس سے عوام کی پریشانی مزید بڑھ گئی ہے، گندم بیرون ملک 29روپے کلو کے حساب سے ایکسپورٹ کی گئی جبکہ پاکستان میں عوام کو 70روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 840478

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840478/ملتان-جماعت-اسلامی-کے-زیراہتمام-مہنگائی-اور-آٹے-بحران-کیخلاف-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org