QR CodeQR Code

ایران, سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کامیاب رہا، کوشش تھی کہ امریکہ ایران کشیدگی کم ہو، شاہ محمود قریشی 

24 Jan 2020 23:34

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب اور ایران میں غلط فہمیاں ختم کروانے کی کوشش کر رہا ہے، ہمارے سعودی عرب اور ایران سے دیرینہ تعلقات ہیں، امریکہ ایران کشیدگی میں واضح کمی آئی ہے، ہم نے دونوں ممالک کو واضح کہا ہے کہ خطہ کسی نئی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے اور پاکستان 2020ء میں نمایاں مقام پر آگیا ہے، پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، اس حوالے سے افواہیں جلد دم توڑ جائیں گی، ناراض اراکین نے فاروڈ بلاک بارے خود تردید کر دی، اراکین اسمبلی کے جائز مطالبات پورے کریں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، ہماری حکومت مافیا کا مقابلہ کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پی ٹی آئی رہنماu راو محسن کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی رہنما رانا عبدالجبار، خواتین ونگ کی رہنما قربان فاطمہ، سید بابر شاہ، شیخ طاہر و دیگر رہنماu اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ آج ایف اے ٹی ایف اجلاس میں اپنے نقاط رکھے، جن کو بھارت کے سوا تمام ممالک نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا، جو کام پچھلے 10سال میں نہ ہوا، وہ 10ماہ میں ہوگیا۔

بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان گرے لسٹ سے باہر آئے, بلکہ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنا چاہتا ہے، میں امید کرتا ہوں کہ فروری کے مہینے میں پیرس میں منعقدہ ہونے والے اجلاس میں میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا اور سیاست کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ ڈیوس کامیاب رہا ہے، ڈیوس میں عمران خان کی بہترین نشستیں ہوئیں، غیر ملکی میڈیا نے وزیراعظم پاکستان کے دورہ کو بھرپور کوریج دی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 176 دن سے کرفیو ہے، بھارتی عوام حکومتی اقدامات سے نالاں ہیں، بھارتی عوام نے آر ایس ایس کی سوچ کو مسترد کر دیا ہے، بھارتی حکومت اس وقت بے پناہ دباو کا شکار ہے، بھارت میں کشمیری اور طلباء سراپا احتجاج ہیں، اقوام متحدہ کے سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں پاکستانی موقف کی بھرپور تائید کی گئی ہے۔

معروف جریدے اکنامسٹ کا سرورق اس طرف اشارہ دے رہا ہے کہ بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہو رہا ہے، سکیورٹی کونسل کے اجلاسوں سے ثابت ہوا کشمیر عالمی مسئلہ ہے، جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنا ہوگا۔ 5 اگست کے بعد کشمیر کا مسئلہ دنیا بھر میں اجاگر ہوا، اس سال 5 فروری کو پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا میرا ایران، سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کامیاب رہا، کوشش تھی کہ امریکہ ایران کشیدگی کم ہو۔ پاکستان سعودی عرب اور ایران میں غلط فہمیاں ختم کروانے کی کوشش کر رہا ہے، ہمارے سعودی عرب اور ایران سے دیرینہ تعلقات ہیں، امریکہ ایران کشیدگی میں واضح کمی آئی ہے۔ ہم نے دونوں ممالک کو واضح کہا ہے کہ خطہ کسی نئی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا امریکہ چاہتا ہے پاک بھارت مسائل حل ہوں، امریکہ نے ایک بار پھر ثالثی کی کوشش کی ہے، لیکن بھارت امریکی ثالثی کیلئے تیار نہیں۔


خبر کا کوڈ: 840486

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840486/ایران-سعودی-عرب-اور-امریکہ-کا-دورہ-کامیاب-رہا-کوشش-تھی-کہ-کشیدگی-کم-ہو-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org