QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ پنجاب کا پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں میں ترقیاتی کام کرانے کا اعلان

25 Jan 2020 21:51

لاہور میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ حلقوں میں ترقیاتی کام ٹکٹ ہولڈرز کی مشاورت سے ہونگے، ہم سب عوام کی خدمت کا سفر ملکر تیزی سے آگے بڑھائیں گے، صوبے کے عوام کی تعمیر و ترقی کے مشن میں ملکر کام کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ٹی آئی ٹکٹ ہولڈرز کے حلقوں میں ترقیاتی کام کرانے کا اعلان کر دیا، عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کی خدمت کا سفر مل کر تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور جہانگیر ترین سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، ملاقات میں ٹکٹ ہولڈرز نے ان کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، اس موقع پر پارٹی کو مضبوط کرنے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ اپنے حلقوں کے مسائل کے حل اور عوام سے روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لاہور میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹکٹ ہولڈرز سے حلقوں میں ترقیاتی کام کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹکٹ ہولڈرز پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کے حلقوں میں ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ حلقوں میں ترقیاتی کام ٹکٹ ہولڈرز کی مشاورت سے ہونگے، ہم سب عوام کی خدمت کا سفر مل کر تیزی سے آگے بڑھائیں گے، صوبے کے عوام کی تعمیر و ترقی کے مشن میں مل کر کام کریں گے۔ اس موقع پر جہانگیر ترین نے کہا کہ ٹکٹ ہولڈرز تحریک انصاف کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان سے مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ٹکٹ ہولڈرز کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، حلقوں میں ترقیاتی کاموں پر ٹکٹ ہولڈرز کو اعتماد میں لیں گے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھی ان کے حلقوں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔


خبر کا کوڈ: 840726

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840726/وزیراعلی-پنجاب-کا-پی-ٹی-آئی-ٹکٹ-ہولڈرز-کے-حلقوں-میں-ترقیاتی-کام-کرانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org