QR CodeQR Code

حکمران مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر امریکہ کیلئے دوڑ دھوپ کر رہے ہیں

ملک پر ظلم و جبر کا استحصالی نظام مسلط ہے، سراج الحق

26 Jan 2020 18:46

تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جب آٹے کا بحران پیدا کرنے کی سازش ہو رہی تھی کیا اس وقت حکومت سو رہی تھی یا حکومت نے خود اپنے لوگوں کو راتوں رات اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے کا موقع فراہم کیا؟ وزیراعظم کہتے ہیں کہ 2020 خوشخبری کا سال ہے جس میں پہلی خوشخبری 35 روپے کلو والے آٹے کا 70 روپے کلو میں بھی نہ ملنا اور 50 روپے والی چینی کا 80 روپے کلو تک پہنچ جانا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ منصورہ لاہور میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا ءسے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک پر ظلم و جبر کا استحصالی نظام مسلط ہے، قیام پاکستان سے اب تک چند خاندان ملکی اقتدار پر قابض ہیں، انگریز کی وفاداری اور قوم سے غداری کرنیوالے ان خاندانوں نے ملک کی نظریاتی اور اسلامی شناخت کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا، بنکوں سے اربوں روپے کے قرضے لیکر انہیں کنگال کیا اور خود فیکٹریاں اور کارخانے لگا کر سیاہ و سفید کے مالک بن بیٹھے، اب پورے ملک کا نظام ان کے ہاتھوں یرغمال ہے، یہی لینڈ، شوگر اور ڈرگ مافیا عوام کی کھال اتار رہا ہے، ملک و قوم کی محرومیوں کا علاج صرف اللہ کے عطا کردہ نظام میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی سود کیخلاف جنگ لڑ رہی ہے جبکہ موجودہ اور سابقہ حکمران پارٹیاں سود کے حق میں ہیں اور سپریم کورٹ میں سود کے حق میں پیش ہونیوالے وکیل آج بھی وہی ہیں جو سابقہ حکومت میں تھے، عوام نے تمام پارٹیوں کو کئی کئی بار آزمایا ہے جنہوں نے ان کے مسائل میں اضافہ کیا، اب جماعت اسلامی کے علاوہ قوم کے پاس دوسرا کوئی آپشن نہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کی آپس کی لڑائیاں عوام کیلئے نہیں ذاتی مفادات کیلئے ہیں، حکومت کا حکومت سے دنگل بغیر ٹکٹ کے پوری دنیا دیکھ رہی ہے، نااہلی اور غیر سنجیدگی سے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے اور ہڑپشن کا بازار گرم ہے، صرف چند وزراء کو نہیں پورا نظام بدلنے کی ضرورت ہے، حکومت کے اپنے گھر میں آگ لگ گئی ہے، خیبر پختونخوا کے تین وزراء کو فارغ کر دیا گیا ہے، پنجاب میں حکومتی ارکان الگ گروپ بنا رہے ہیں اور وفاق اور سندھ میں ایک سرکاری ملازم پر لڑائی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ملازم پر لڑنے والے وزیراعظم کہتے ہیں میں امریکہ اور ایران کے درمیان صلح کراؤں گا، جب آٹے کا بحران پیدا کرنے کی سازش ہو رہی تھی کیا اس وقت حکومت سو رہی تھی یا حکومت نے خود اپنے لوگوں کو راتوں رات اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے کا موقع فراہم کیا؟ وزیراعظم کہتے ہیں کہ 2020ء خوشخبری کا سال ہے جس میں پہلی خوشخبری 35 روپے کلو والے آٹے کا 70 روپے کلو میں بھی نہ ملنا اور 50 روپے والی چینی کا 80 روپے کلو تک پہنچ جانا ہے، اگر ایسی ہی خوشخبریاں ملتی رہیں تو عوام ہر خوشخبری پر وزیراعظم کو بددعائیں دیں گے، جن لوگو ں نے یہ ظلم کا نظام مسلط کیا ہے، ان کو بھی احساس ہو گیا ہے کہ یہ نظام اب مزید چلنے والا نہیں، وزیراعظم بیرونی دوروں میں ملک و قوم کی تضحیک کو پارسائی سمجھتے ہیں اور ریاست کیخلاف خود سلطانی گواہ بن جاتے ہیں، وزیراعظم کے کان میں جھوٹی خبریں کون ڈالتا ہے اس کا پتہ لگانا بہت ضروری ہو گیا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ سٹیٹس کو کا مسلط کردہ نظام پاکستان کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اس ظالمانہ نظام نے غریب کا محاصرہ کر رکھا ہے، اس نظام نے ظالموں کو خوشحال اور عوام کو کنگال کر دیا ہے، مزدوروں، کسانوں اور معاشروں کے پسے ہوئے طبقہ کو اس نظام کیخلاف ایک فیصلہ کن معرکہ کیلئے اٹھنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس نظام کی سب سے بڑی خرابی ہے کہ غریب کی جھونپڑی میں غریب اور امیر کے بنگلے میں امیر پیدا ہوتا ہے، مزدور کی محنت کا پھل سرمایہ دار اور کسان کی محنت کا پھل جاگیردار کھا رہا ہے، غریب تمام تر صلاحیتوں کے باوجود پس رہا ہے اور امیر اسے پیس رہا ہے، جب ملک کیلئے خون دینے کا وقت آتا ہے، غریب اپنی جان نچھاور کر دیتا ہے اور امیر دوسرے ملکوں میں جا بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظالم کا ساتھ دینے اور ظلم پر خاموش رہنے والے قوم کے مجرم ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ حکمران کشمیر کے مسئلے کو پس پشت ڈال کر امریکی مفادات کیلئے دوڑ دھوپ کر رہے ہیں اور ٹرمپ کو اپنا دوست سمجھتے ہیں جبکہ ٹرمپ مودی کا دوست ہے اور دونوں نے اسلام کیخلاف لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ سراج الحق نے کہاکہ بھارت کے یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیری عوام یوم سیاہ منا رہے ہیں، 5 فروری کو پوری قوم جوش و خروش کیساتھ مظلوم کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرے گی، ہم کشمیر کی آزادی کیلئے زندگی کی آخری سانس اور خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 840752

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840752/ملک-پر-ظلم-جبر-کا-استحصالی-نظام-مسلط-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org