0
Sunday 26 Jan 2020 12:27

جماعت اسلامی کا 5 فروری کو لاہور میں یکجہتی کشمیر مارچ کا اعلان

مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد
جماعت اسلامی کا 5 فروری کو لاہور میں یکجہتی کشمیر مارچ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی، مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، کشمیر کی آزادی تک جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5 فروری کو مال روڈ پر ہونیوالے یکجہتی کشمیر مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں انتظامی کمیٹیوں کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ذکر اللہ نے مزید کہا کہ 5 فروری کو ہونیوالے یکجہتی کشمیر مارچ میں شہریان لاہور کے مرد و خواتین کی بڑی تعداد کشمیری مسلمانوں کیساتھ یکجہتی کا پیغام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ارباب اقتدار کو بھارت سے دوستی اور تجارت کی سوچ کوختم کرنا ہوگا کیونکہ ایسا کرنا کشمیری عوام کے خون کی بے قدری کے مترادف ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ 174 دن سے کشمیر کے مظلوم اور نہتے کشمیری مسلمان ادویات اور خوراک کی شدید قلت کے باعث اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں سنسان، دکانیں، کاروبار اور تعلیمی مراکز بند ہیں جبکہ کشمیری گھروں میں محصور قید و بند میں بھوکے پیاسے سہولیات سے محروم زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں متنازع شہریت بل ہی بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے کر دے گا اور بھارت سے بہت سے پاکستان جنم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے اپنی جارحانہ پالیسیوں کی بدولت تقسیم بھارت کی بنیاد رکھ دی ہے اور بہت جلد بھارت بہت سے ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ خالصتان اور کشمیر جلد پاکستان کا حصہ ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 840762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش