0
Sunday 26 Jan 2020 13:53

لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب نے ناراض ارکان کو منا لیا

لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب نے ناراض ارکان کو منا لیا
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کی لاہور آمد سے قبل وزیراعلی پنجاب کی سرگرمیاں تیز، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی صوبے پر گرفت مضبوط کرنے کے کوششیں کامیاب ہو گئیں، وزیراعلیٰ نے ناراض گروپ کو منا لیا۔ وزیراعظم عمران خان کی لاہور آمد سے پہلے وزیراعلی عثمان بزدار کی معاملات کو اپنے ہاتھ میں کرنے کی کوششیں کسی حد تک رنگ لے آئی ہیں۔ وزیراعلی نے بیورو کریسی سے معاملات کو سلجھا کر ناراض گروپ کو بھی منا لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب نے گزشتہ رات ناراض اراکین سے ملاقاتیں کیں اور ان کے تحفظات کو سننے کے بعد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی، وزیراعلی نے ٹکٹ ہولڈرز کے بھی مطالبات تسلیم کر لیے۔
 
وزیراعلی ہاوس کا دعوی ہے کہ وزیراعلی نے چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان اور آئی جی پنجاب پولیس شیعب دستگیر سے ملاقات کرکے انتظامی صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کی ہے اور اسی کے پیش نظر وزیراعلی نے گزشتہ روز ناراض گروپ کو بھی منا کر الجھے معاملے کو سلجھا لیا ہے اور ترقیاتی منصوبے دینے کا یقین دلایا ہے۔ وزیراعلی آج وزیراعظم عمران خان کو پنجاب کی صورتحال پر تفصیلی بریف کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان لاہور پہنچ چکے ہیں جو آج گورنر، وزیراعلیٰ اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان اور انتظامی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 840772
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش