QR CodeQR Code

جام کمال ہی بلوچستان کے وزیراعلیٰ رہیں گے

وزیراعلیٰ اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے درمیان معاملہ حل ہوگیا ہے

26 Jan 2020 23:04

عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر کا مشکور ہوں، جنہوں نے میرے مسائل سنے، گھروں میں مسئلے ہوتے ہیں تو بڑوں کا کام ہے کہ انہیں حل کریں، جب گھر میں تحفظات ہوتے ہیں تو بڑے بیٹھ کر مسئلے حل کراتے ہیں، بلوچستان مضبوط کرنے سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے درمیان معاملہ حل ہوگیا ہے اور جام کمال ہی بلوچستان کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک اور دیگر حکومتی شخصیات نے اسلام آباد میں عبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و تحفظات سنے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے درمیان معاملہ حل ہوگیا ہے اور جام کمال ہی بلوچستان کے وزیراعلیٰ رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کی پارٹی ہے، کسی بھی مسئلےکو مل بیٹھ کرحل کیا جاسکتا ہے، وزیراعلیٰ جام کمال بہتر حکومت کر رہے ہیں، ان سے مطمئن ہیں۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی اتحادیوں سے رابطے میں ہے، پارٹی کی بدنامی کا باعث بننے والوں کو ضرور سزا ملے گی، پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف ایکشن ہوگا۔ اس موقع پر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر کا مشکور ہوں، جنہوں نے میرے مسائل سنے، گھروں میں مسئلے ہوتے ہیں تو بڑوں کا کام ہے کہ انہیں حل کریں، جب گھر میں تحفظات ہوتے ہیں تو بڑے بیٹھ کر مسئلے حل کراتے ہیں، بلوچستان مضبوط کرنے سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 840885

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840885/وزیراعلی-اور-اسپیکر-بلوچستان-اسمبلی-کے-درمیان-معاملہ-حل-ہوگیا-ہے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org