QR CodeQR Code

3 وزراء کی برطرفی، وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کابینہ کی کارکردگی پر رپورٹ طلب کرلی

27 Jan 2020 10:56

وزیراعلٰی کے پی نے حکومتی امور میں ڈسپلن معاملے پر مزید سختی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا وزیر ہوں یا مشیر، سب کو پارٹی ڈسپلن کی پابندی کرنا پڑے گی اور خیبر پختونخوا میں کابینہ ارکان کو اپنی کارکردگی پر پہلے سے مزید توجہ دینا ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں 3 وزراء کی برطرفی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کے پی کابینہ کی کارکردگی پر رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی وزیر ہوں یا مشیر، سب کو پارٹی ڈسپلن کی پابندی کرنی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں 3 وزراء کی برطرفی کے بعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلٰی کے پی محمود خان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کابینہ کی کارکردگی پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی محمود خان تمام صوبائی وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور پارٹی نظم وضبط پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے حکومتی امور سے متعلق بھی محمود خان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزراء ذمہ داری سے حکومتی امور سرانجام دیں، وزیراعلٰی حکومتی امور میں ڈسپلن کے معاملے پر سختی کریں، وزیر ہوں یا مشیر، سب کو پارٹی ڈسپلن کی پابندی کرنی ہوگی اور کابینہ ارکان اپنی کارکردگی پر پہلے سے زیادہ توجہ دیں۔ اس سے قبل وزراء کی برطرفی کے بعد وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے آئندہ پارٹی نظم و ضبط پر سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے گورننس اور حکومتی امور پر اعلٰی قیادت کو اعتماد میں لے لیا اور کہا ڈھیل ختم، صوبائی وزراء کو اب پہلے سے زیادہ ذمہ داری سے کام کرنا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی کے پی نے حکومتی امور میں ڈسپلن معاملے پر مزید سختی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا وزیر ہوں یا مشیر، سب کو پارٹی ڈسپلن کی پابندی کرنا پڑے گی اور خیبر پختونخوا میں کابینہ ارکان کو اپنی کارکردگی پر پہلے سے مزید توجہ دینا ہوگی، صوبائی وزراء کی کارکردگی کو بھی اعلٰی سطح پر مانیٹر کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا آئندہ ہفتے صوبائی معاملات میں بڑے فیصلے کریں گے۔ یاد رہے گذشتہ روز صوبہ خیبر پختونخوا کے 3 وزراء کو عہدوں سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، ہٹائے جانے والے وزراء میں عاطف خان، شہرام خان ترکئی اور شکیل احمد شامل ہیں۔ ہٹائے جانے والے وزراء میں سے عاطف خان وزیر کلچر، سیاحت اور کھیل کے وزیر تھے، شہرام خان ترکئی بطور صوبائی وزیر صحت کام کرر ہے تھے، جبکہ شکیل احمد صوبائی وزیر برائے ریونیو کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ تینوں وزراء پریشر گروپ کے کرتا دھرتا تھے، محمد عاطف خان پی کے 50 مردان سے منتخب ہوئے تھے، شہرام ترکئی پی کے 47، جبکہ شکیل احمد پی کے 18 مالاکنڈ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 840914

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/840914/3-وزراء-کی-برطرفی-وزیراعظم-نے-خیبر-پختونخوا-کابینہ-کارکردگی-پر-رپورٹ-طلب-کرلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org