QR CodeQR Code

عوام کی زندگی مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے، علامہ باقر زیدی

27 Jan 2020 19:43

اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اگر ملک کی اس طرح بحرانوں کی نذر کیا جاتا رہا، تو پاکستانی سیاست میں تحریک انصاف کی کوئی جگہ باقی نہیں بچے گی۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کے بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکومت کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے، عام آدمی کی زندگی مشکل سے مشکل تر ہوتی جا رہی ہے، آخر کب تک عوام کو محض وعدوں اور امیدوں کے نام پر تسلی دی جاتی رہے گی۔ اپنے ایک بیان میں علامہ باقر زیدی نے کہا کہ آٹے کے بحران کے ساتھ ساتھ دیگر اشیائے خوردونوش کی قلت کے بارے میں بھی خبریں آنی شروع ہو چکی ہیں، ناقص انتظامی کارکردگی کے باعث حکومت اپنی مقبولیت رفتہ رفتہ کھو رہی ہے، اگر ملک کی اس طرح بحرانوں کی نذر کیا جاتا رہا، تو پاکستانی سیاست میں تحریک انصاف کی کوئی جگہ باقی نہیں بچے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو جس تبدیلی کیلئے ووٹ دیا تھا، اس کی عملی شکل بھی نظر آنی چاہیے، تاکہ یہ ثابت ہو سکے کہ عوام کا فیصلہ درست تھا، اگر موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی، تو پھر عوام اسے ہمیشہ کیلئے خیرباد کہہ دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 841035

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/841035/عوام-کی-زندگی-مشکل-سے-تر-ہوتی-جا-رہی-ہے-علامہ-باقر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org