QR CodeQR Code

ہم حکومت کے ساتھ چلنا چاہتے ہیں، پیرپگارا

60 کی دہائی میں پاکستان کی بیورکریسی عالمی سطح کی تھی، عمران خان

27 Jan 2020 22:55

کنگری ہاؤس میں پیرپگارا سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ میں اور اتحادی اس بات پر متفق ہیں کہ عوام کو انصاف فراہم کیا جائے۔ پیر پگارا نے کہا کہ ہم عوام کو انصاف دلانے کے لئے آپ کے ساتھ ہیں، پہلے بھی وزرائے اعظم کنگری ہاؤس آئے ہم نے انہیں دل میں جگہ دی۔


اسلام ٹائمز۔ حکومتی اتحادی جی ڈی اے اور تحریک انصاف کے درمیان تحفظات ختم ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پیر پگارا سے وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کی اور وزیراعظم کی عمران خان کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ پیر پگارا کا کہنا تھا کہ آپ ہمارے گھر آئے آپ کے لئے عزت ہے، وزیراعظم نے کہا کہ کنگری ہاؤس کے باہر سے جب بھی گزرتا تھا یہاں آنے کی خواہش تھی، آج کنگری ہاؤس آیا ہوں یہ خواہش بھی پوری ہوگئی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے علم نہیں آپ کے تحفظات کیا تھے اور نہ مجھے بتایا گیا، آپ رابطے میں رہیں تاکہ کوئی غلط فہمی پیدا نہ ہو۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے جس پر پیر پگارا نے کہا کہ ہم بھی تو یہی چاہتے ہیں کہ آپ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں اور اتحادی اس بات پر متفق ہیں کہ عوام کو انصاف فراہم کیا جائے۔ پیر پگارا نے کہا کہ ہم عوام کو انصاف دلانے کے لئے آپ کے ساتھ ہیں، پہلے بھی وزرائے اعظم کنگری ہاؤس آئے ہم نے انہیں دل میں جگہ دی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری بدقسمتی ہے ٹیلنٹ کے باوجود دنیا سے مقابلہ نہیں کرسکتے، بیرون ملک پاکستانیوں کو دیکھ لیں ہر شعبے میں آگے نکل گئے ہیں، میرٹ ہوگا تو پاکستان میں ہر ادارہ عالمی سطح کا بنا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سفارشی کلچر کی وجہ سے پیچھے رہ جاتے ہیں، ادارے کمزور ہوتے ہیں، 60 کی دہائی میں پاکستان کی بیورکریسی عالمی سطح کی تھی۔ عمران خان کا کہنا تھا نوجوان ہی ملک کو اٹھاتا ہے کیونکہ ان میں جنون ہوتا ہے، نوجوانوں پر جتنا پیسہ خرچ کریں گے اتنا ہی ملک کامیاب ہوگا، ہم 50 ہزار اسکالرشپ دے رہے ہیں،نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 841076

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/841076/60-کی-دہائی-میں-پاکستان-بیورکریسی-عالمی-سطح-تھی-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org