QR CodeQR Code

بچے کی پیدائش پر ماں کیلیے 6 اور باپ کی 3 ماہ کی چھٹی کا بل سینیٹ سے منظور

27 Jan 2020 23:50

حماد اظہر نے بل میں کچھ تبدیلیاں کرنے کی تجویز کرتے ہوئے کہا کہ ماں کو 90 دن کی چھٹیاں دینے کا قانون موجود ہے تاہم باپ کے لیے تعطیلات کو کم کرکے 15 دن رکھا جائے۔ سینیٹ ارکان نے حکومتی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے سینیٹر قرۃ العین کے بل کی حمایت میں ووٹ دیئے اس طرح بل کو کثرت رائے سے منظور کرلیا۔


اسلام ٹائمز۔ سینیٹ میں حکومت کی مخالفت کے باوجود بچے کی پیدائش پر ماں اور باپ کے لیے بالترتیب 6 اور 3 ماہ کی چھٹیوں سے متعلق بل منظور کر لیا گیا۔ چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت ہونے والے سینیٹ کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر قرۃ العین کی جانب سے بچے کی پیدائش پر ملازمت پیشہ والدین کے لیے تعطیلات کے حوالے سے بل پیش کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے مخالفت کے باوجود ‘‘بچے کی پیدائش پر والدین کے لیے تعطیلات کا بل 2018ء‘‘  کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ بل میں وفاقی اداروں کو بچے کی پیدائش پر ملازمت پیشہ ماں کو 6 ماہ تنخواہ کے ساتھ اور 3 ماہ بغیر تنخواہ کے چھٹیاں فراہم کرنے کا پابند کیا گیا ہے، اس کے علاوہ ملازمت پیشہ باپ کو بھی بچے کی پیدائش پر 3 ماہ کی چھٹیاں تنخواہ کے ساتھ اور ایک ماہ بغیر تنخواہ کے تعطیلات دینے کا کہا گیا ہے۔ اسی طرح خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائی کی تجویز بھی رکھی گئی ہے۔

بل پر بحث کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے بل میں کچھ تبدیلیاں کرنے کی تجویز کرتے ہوئے کہا کہ ماں کو 90 دن کی چھٹیاں دینے کا قانون موجود ہے تاہم باپ کے لیے تعطیلات کو کم کرکے 15 دن رکھا جائے۔ سینیٹ ارکان نے حکومتی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے سینیٹر قرۃ العین کے بل کی حمایت میں ووٹ دیئے اس طرح بل کو کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ آج کے اجلاس میں اس بل کے علاوہ بچوں کے لیے حفاظتی ٹیکے لازمی لگوانے اور پولیو ورکز کے تحفظ کا بل بھی منظور کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 841084

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/841084/بچے-کی-پیدائش-پر-ماں-کیلیے-6-اور-باپ-3-ماہ-چھٹی-کا-بل-سینیٹ-سے-منظور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org