0
Tuesday 28 Jan 2020 16:34

مسئلہ کشمیر پر حمایت کیلئے گورنر پنجاب نے یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کو خط لکھ دیا

مسئلہ کشمیر پر حمایت کیلئے گورنر پنجاب نے یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کو خط لکھ دیا
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا یورپی پارلیمنٹ کے 751 اراکین کوخط، گورنر پنجاب نے یورپی یونین اور ممبر ممالک سے مسئلہ کشمیر کے حل اور شہریت بل کی منسوخی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالنے کا مطالبہ کردیا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی جانب سے لکھے گئے خط میں یورپی یونین اور ممبر ممالک کی جانب سے بھارتی شہر یت قانون، کشمیر یوں پر مظالم کیخلاف قرارداد جمع کروانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کے 7 کنونشنز نے کشمیر میں بھارت کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بھارتی مظالم کیخلاف 30 جنوری کو قرارداد یورپی پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے پیش جائیگی، یورپی اراکین پارلیمنٹ 30 جنوری کو قرارداد کی منظوری کیلئے اپنا کرداد ادا کریں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ اور سی اے اے قانون بھارتی دہشت گردی ہے۔
 
چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ بھارتی متنازعہ شہریت بل دنیا میں سب سے بڑے بحران کو جنم دے رہا ہے، بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں، یورپی یونین کے کنونشنز کی خلاف ورزی کی ہے۔ خط میں  کہا گیا ہے کہ یورپی یونین اور ممبر ممالک نے ہمیشہ بین الاقومی ایشوز پر کھل کر بات کی ہے جو خوش آئند ہے۔  وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آج بھی امن کی بات کر رہا ہے۔ چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے برصغیر میں سیاسی، معاشی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے کشمیر میں کرفیو لگا کر کشمیریوں کو پوری دنیا سے جدا کر رکھا ہے، وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر دنیا میں ان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ سی اے اے قانون مسلمانوں کو بنیادی حقوق سے مائنس کررہا ہے، خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل لازم ہے۔
خبر کا کوڈ : 841203
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش