0
Tuesday 28 Jan 2020 21:23

امت مسلمہ ان اصولوں کے ساتھ جدوجہد کرے جو جناب سیدہؑ نے روشن کئے ہیں، علامہ رضی جعفر نقوی

امت مسلمہ ان اصولوں کے ساتھ جدوجہد کرے جو جناب سیدہؑ نے روشن کئے ہیں، علامہ رضی جعفر نقوی
اسلام تائمز۔ جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید رضی جعفر نقوی نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشرے میں باوقار مقام کے لئے خاتون جنت سلام اللہ علیہا کے طرز زندگی کو شعار بنانا ہوگا، خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراؑ کی یاد اور پیغام کو زندہ رکھنے کے تین طریقے ہیں، پہلا یہ کہ ان کی ذات اقدس سے عقیدت و احترام اور محبت کا اظہار کیا جائے اور ان سے مکمل وابستگی دکھائی جائے، دوسرا یہ کہ ان کو اسلام، انسانیت اور طبقہ نسواں کی خدمت کرنے پر خراج عقیدت و تحسین پیش کیا جائے، تیسرا یہ کہ ان کے چھوڑے ہوئے قطعی و حتمی نقوش اور اصولوں کو تلاش کرکے ان کا مطالعہ کیا جائے اور ان کو آج کے دور میں نافذ کرنے اور ان کی تطبیق کرنے کے طریقے تلاش کئے جائیں تاکہ جس سے شریعت سہلہ کا تصور اجاگر ہو اور شریعت کی پابندی بھی برقرار رہے اور انسان شتر بے مہار نہ بنے بلکہ اسلامی احکامات اور آسان شریعت کا پابند رہے۔

 دختر رسول حضرت فاطم زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کے حوالے سے جاری بیان میں علامہ رضی جعفر نقوی کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ سنگین دور میں جب خواتین میں فکری انتشار پیدا ہوچکا ہے، عورت کو فقط تفریح، تعیش اور نفسانی خواہشات کے لئے علامت بنادیا گیا ہے اور ترقی و جدت کے نام پر عورتوں کا ہر معاشرے میں بالخصوص یورپ اور مغربی معاشروں میں شدت سے استحصال کیا جارہا ہے، ایسے حالات میں سیدہ فاطمہ زہراؑ کی سیرت اور کردار ہی واحد ذریعہ ہے جو دنیا بھر کی خواتین کو انحراف، استحصال، تعیش اور گناہوں سے بچاسکتا ہے، آزادی نسواں کی حدود و قیود ہر سوسائٹی نے مقرر کر رکھی ہیں سوائے ان لوگوں کے جو مادر پدر آزاد ہیں اور کسی ضابطے اخلاق اور قانون کے پابند نہیں اور یہی لوگ ایسے معاشروں کی تشکیل میں مصروف ہیں جہاں عورت کو فحاشی کے لئے استعمال کیا جائے، اسکی عزت و حرمت کو پامال کیا جائے اور مرد و زن کے اختلاط سے معاشروں میں بگاڑ پیدا کیا جاسکے۔

علامہ رضی جعفر نقوی نے مزید کہا کہ ان حالات میں امت مسلمہ خواتین کی آزادی کے ان اصولوں کی روشنی میں جدوجہد کرے جو جناب سیدہ فاطمہ زہراؑ کی طرف سے روشن کئے گئے ہیں کیونکہ سیدہ فاطمہ زہراؑ کی پرورش آغوش رسول اللہؐ میں ہوئی، خواتین کو چاہیئے کہ وہ اپنے خاندانی ذاتی معاملات سے لے کر اجتماعی معاملات تک کے ہر موقع پر سیدہ زہرا ؑکی شخصیت کو مدنظر رکھیں، اس کے ساتھ ساتھ اپنی گود سے ایسی نیک سیرت نسلیں معاشرے کو فراہم کریں جو معاشروں میں اصلاح لانے کی استعداد رکھتی ہوں، جیسا کہ حضرت فاطمہ زہراؑ کی پاکیزہ گود سے امام حسنؑ اور امام حسینؑ جیسی شخصیات پیدا ہوئیں، جنہوں نے وقت اور تاریخ کے دھارے کا رخ موڑا۔
خبر کا کوڈ : 841259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش