0
Wednesday 29 Jan 2020 10:46

محکمہ داخلہ نے 20 ہزار این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کر دی

محکمہ داخلہ نے 20 ہزار این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کر دی
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے، بینک اکاونٹس نہ کھلوانے اور کام نہ کرنیوالے 20 ہزار این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ نے مذکورہ این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے این جی اوز کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنے بینک اکاونٹس کھلوائیں اور ملنے والے فنڈز کا مکمل ریکارڈ رکھیں جس پر مذکورہ این جی اوز نے محکمہ داخلہ کی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق ان 20 ہزار این جی اوز میں زیادہ ایسی تھیں جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھیں جبکہ کچھ ایسی این جی اوز بھی تھیں جو فعال ہی نہیں تھی، محض نام کی بنیاد پر ہی بیرونی ممالک سے فنڈز وصول کر رہی تھیں۔
 
ذرائع کے مطابق بین کی گئی ان این جی اوز  میں کچھ کیخلاف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت ملے تھے، یہ این جی اوز دہشتگردی کیلئے فنڈز جیسے مکروہ فعل میں بھی ملوث تھیں۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان این جی اوز جن کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ہے انہیں مزید سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ محکمہ داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ نئی این جی او بنانے کیلئے اب محکمہ داخلہ سے این او سی لینا لازم ہوگا۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن منسوخ کے بعد بھی کام کرنے والی این جی اوز  کے عہدیداروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 841317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش