QR CodeQR Code

چین میں موجود 4 پاکستانی طالبعلموں میں کورونا وائرس کی تصدیق

29 Jan 2020 12:36

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ چین میں 28 سے 30 ہزار پاکستانی مقیم ہیں جن میں بڑی تعداد طالبعلموں کی ہے جو مختلف صوبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین کے شہر ووہان میں موجود 4 پاکستانی طالبعلموں کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کر دی۔ اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چین میں 28 سے 30 ہزار پاکستانی مقیم ہیں جن میں بڑی تعداد طالبعلموں کی ہے جو مختلف صوبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے طالبعلموں کے اہلِ خانہ اور تمام پاکستانی شہری کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے حفاظت، ان کے علاج معالجے کی ذمہ داری حکومت پاکستان کی ہے جن کا اپنے بچوں کی طرح خیال رکھا جائے گا۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ مذکورہ مسئلہ وفاقی کابینہ میں زیر بحث آیا تھا اور پاکستانی حکومت، وزارت خارجہ کا چین میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتخانے کا عملہ اور پاکستانی سفیر پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے ضروری اقدامات کرنے میں مصروف ہیں اور متاثرہ طالبعلموں سے بھی مسلسل رابطے میں جن کی بہتر دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ طالبعلموں کی صحت کے بارے میں بتاتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ طالبعلموں کی صحت بہتر ہو رہی ہے اور ہماری دعا ہے کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبعلموں کی شناخت دانستاً بتائی نہیں جا رہی اور میڈیا سے بھی درخواست کی ہے کہ اس کی چھان بین نہیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میڈیا کو معلوم ہو بھی جائے تو ذمہ دارانہ صحافت کرتے ہوئے متاثرہ طالبعلموں کی نشاندہی میڈیا میں کرنے سے گریز کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 841337

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/841337/چین-میں-موجود-4-پاکستانی-طالبعلموں-کورونا-وائرس-کی-تصدیق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org