0
Wednesday 29 Jan 2020 15:42

سی پیک گلگت بلتستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا، اسد قیصر

سی پیک گلگت بلتستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا، اسد قیصر
اسلام ٹائمز۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان خصوصاً گلگت بلتستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے جی بی میں ترقی اور خوشحالی کے نئی راہیں کھلیں گی۔ سیاحت کے اعتبار سے ہمارے شمالی علاقے خصوصاً گلگت بلتستان دنیا کی توجہ کا مرکز ہے اور جی بی میں سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے ذریعے ہم علاقائی پسماندگی اور بے روزگاری پر قابو پا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر فدا محمد ناشاد کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں جی بی میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت قانون سازی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ ملک معاشی مسائل کا شکار تھا جس سے نبرد آزما ہونے کے لئے موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کئے ہیں۔ حکومت کو خستہ حال معیشت ورثے میں ملی جسے بہتر کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ قومی مسائل کے حامل معاملات پر قانون سازی پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت نے خطے میں خوف ناک انسانی المیہ جنم دیا ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے لئے اقدامات کرے۔ سپیکر گلگت بلتستان فدا محمد ناشاد نے سپیکر قومی اسمبلی کے جی بی میں جاری ترقیاتی کاموں میں اور سیاحت کے فروغ پر گہری دلچسپی لینے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور جی بی اسمبلی کے اراکین کے مابین رابطوں کے فروغ سے علاقے کے مسائل حل کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جی بی کے مسائل پر خصوصی توجہ دے۔ قومی اسمبلی اور جی بی اسمبلی کے اراکین میں راوبط سے قانون سازی اور تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو نام نہاد بھارتی جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔ بین الااقوامی برادری اور اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 841378
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش