0
Wednesday 29 Jan 2020 18:18

خیبر پختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

خیبر پختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک سے پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد رواں سال اب تک خیبر پختونخوا سے پولیو کیسز کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق ٹانک کے 11 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ متاثرہ بچے کے نمونے 11 جنوری کو تصدیق کیلئے لیبارٹری بھیجے گئے تھے۔ بچے کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ اس کو حفاظتی ٹیکے بھی نہیں لگوائے گئے تھے۔ رواں سال اب تک خیبر پختونخوا سے پولیو کیسز کی تعداد 3 ہوگئی ہے، جن میں 2 پولیو کیسز لکی مروت سے رپورٹ کئے گئے ہیں۔ گذشتہ سال صوبے میں 92 متاثرہ کیسز کو رپورٹ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بروقت ویکسین نہ ملنے کے باعث تاخیر کا شکار ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم باضابطہ صوبے کے 15 اضلاع میں شروع کردی گئی ہے۔

سہ روزہ انسداد پولیو مہم 27 جنوری کو ہونی تھی جس کو عارضی طور پر مؤخر کیا گیا تھا۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبر پختونخوا کے مطابق انسداد پولیو مہم پشاور سمیت چارسدہ، خیبر، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، صوابی، بونیر، سوات، مہمند، باجوڑ، بنوں، کوہاٹ، لکی مروت اور تورغر میں 3 دن تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران 40 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے جس کیلئے 12 ہزار 73 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ مہم کی موثر نگرانی کیلئے 12 ہزار 766 لیڈی ہیلتھ ورکرز بھی مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے مطابق انسداد پولیو مہم 27 جنوری کو شروع کی جانی تھی جوکہ وفاق سے ویکسین نہ پہنچنے پر ملتوی کرنا پڑی تھی جسے آج سے شروع کردیا گیا اور تین دن تک جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 841409
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش