0
Wednesday 29 Jan 2020 18:43

تصوف اور قرآن و سنت کی تعلیمات جدا نہیں ہیں، خرم نواز گنڈاپور

تصوف اور قرآن و سنت کی تعلیمات جدا نہیں ہیں، خرم نواز گنڈاپور
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ تصوف اور قرآن و سنت کی تعلیمات جدا نہیں ہیں، نوجوانوں میں اعتدال، رواداری اور برداشت کے اوصاف پیدا کرنے کیلئے انہیں تصوف کا مضمون پڑھانا ہو گا، اولیائے کرام اسلام کی حقیقی تعلیمات کا پرتو تھے، وزیراعظم پاکستان نے کچھ عرصہ قبل تصوف کو بطور مضمون نصاب میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا جو خوش آئند ہے تاہم اس اعلان کے بعد اس پر عملدرآمد کی تاحال کوئی عملی شکل نظر نہیں آئی، مکمل پلان کے ضمن میں معلومات کے منتظر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں سنٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، سید الطاف حسین شاہ، جی ایم ملک، علامہ رانا محمد ادریس، رفیق نجم، جواد حامد، راجہ زاہد محمود، عارف چودھری، فرح ناز، عرفان یوسف، علامہ میر آصف اکبر و دیگر رہنما شریک تھے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن نے سوسائٹی میں اخلاق، محبت اور رواداری پر مبنی سوچ کو فروغ دیا، منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے تحریک منہاج القرآن کی تشکیل ریاست مدینہ کے خدو خال پر کی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری عالم اسلام کے واحد نوجوان سکالر ہیں جنہوں نے ریاست مدینہ کے موضوع پر جامعۃ الازہر مصر یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور منہاج یونیورسٹی پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کی واحد یونیورسٹی ہے جس میں بین المذاہب رواداری کو فروغ دینے کیلئے سکول آف پیس قائم کیا گیا ہے جہاں ہندو، سکھ، کرسچن مسلم طلباء اپنے اپنے مذاہب کے حوالے سے ایک چھت کے نیچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 841415
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش