0
Wednesday 29 Jan 2020 23:43

کرم ڈویلپمنٹ فورم کا ایچ ای سی اور ایٹا سیٹوں کو ڈبل کرنے پر حکومت کیساتھ اظہار تشکر

کرم ڈویلپمنٹ فورم کا ایچ ای سی اور ایٹا سیٹوں کو ڈبل کرنے پر حکومت کیساتھ اظہار تشکر
اسلام ٹائمز۔ کرم ڈویلپمنٹ فورم اور مختلف تنظیموں کے رہنماؤں نے ضم شدہ اضلاع میں ایچ ای سی اور ایٹا سیٹوں کو ڈبل کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے اور ایچ ای سی سیٹ تمام قبائلی اضلاع میں برابر تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاراچنار پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرم ڈویلپمنٹ فورم اور مختلف تنظیموں کے رہنماؤں مظہر طوری، مولانا مزمل حسین، احمد حسین، سہیل زمان، حاجی جمیل حسین، انجنیئر شبیر حسین، ساجد علی اور دیگر نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں حکومت کی جانب سے ایچ ای سی اور ایٹا سیٹوں کو ڈبل کرکے قبائلی اضلاع کے طلباء کو ایک اہم تحفہ دیا گیا ہے، جس پر وہ حکومت کے شکر گزار ہیں۔ مگر بعض عناصر ایچ ای سی پالیسی تبدیل کرکے تمام اضلاع میں مشترکہ طور پر ایک میرٹ لسٹ بنانے کے درپے ہیں جو کہ پسماندہ قبائلی اضلاع کے طلبہ کے حق پہ ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

سماجی رہنما مظہر طوری نے کہا کہ اس فیصلے سے اورکزئی، کرم اور وزیرستان جیسے پسماندہ قبائلی اضلاع کے طلبہ ایٹا اور ایچ ای سی سیٹ سے محروم رہ جائیں گے، سماجی رہنما احمد حسین نے بتایا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں تعلیمی اداروں میں سہولیات کا فقدان ہے اور طلباء پہلے سے ہی محرومیوں کا شکار ہیں اس پالیسی سے اکثر اضلاع کے طلبہ متاثر ہونگے اور اس کا فائدہ چند مخصوص اضلاع کو ملے گا، رہنماؤں نے کہا کہ وہ کسی صورت اپنے بچوں کی حق تلفی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے ایچ ای سی کے مجاز افسران سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرکے تمام اضلاع کو برابر کا حصہ دیں بصورت دیگر وہ کورٹ جائیں گے اور اپنا حق حاصل کرکے ہی دم لیں گے۔
خبر کا کوڈ : 841480
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش