QR CodeQR Code

مواخذے کی کارروائی، بولٹن کی آمد پر ٹرمپ سیخ پا

30 Jan 2020 08:31

جان بولٹن کی گواہی کے بعد سینیٹرز نے پہلی مرتبہ امریکی صدر پر الزامات لگانے والوں اور ٹرمپ کے وکلا سے سخت سوالات کیے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر کے مواخذے کے آخری لمحات میں سابق قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کی سینیٹ میں گواہی کے لیے آمد پر ڈونلڈ ٹرمپ سیخ پا ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق جان بولٹن ٹرمپ انتظامیہ میں گزشتہ سال ستمبر تک بطور مشیر فرائض انجام دیتے رہے تھے۔ جان بولٹن کی اچانک آمد کے بعد امریکی صدر کو مواخذے سے بچانے کی ریپبلکن کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ جان بولٹن کی گواہی کے بعد سینیٹرز نے پہلی مرتبہ امریکی صدر پر الزامات لگانے والوں اور ٹرمپ کے وکلا سے سخت سوالات کیے۔ واضح رہے کہ جان بولٹن کی آنے والی کتاب کے مسودے میں دعوی کیا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کی فوجی امداد براہ راست اس شرط سے مشروط کی کہ پہلے یوکرین کی حکومت امریکی صدر کے سیاسی حریفوں خاص طور پر جوبائیڈن کے خلاف تحقیقات کرے۔

مذکورہ اطلاعات منظر عام پر آنے کے بعد ٹرمپ نے جان بولٹن کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس ضمن میں ٹرمپ نے ٹوئٹ میں کہا کہ جان بولٹن نے قومی سلامتی کے مشیر بننے رہنے کی بھیک مانگی تھی لیکن انہیں برطرف کرنے کا فیصلہ ٹھیک تھا۔ واضح رہے کہ جان بولٹن نے وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے مشیر کی حیثیت سے 17 ماہ فرائض انجام دیے اور انہیں گزشتہ برس ستمبر میں برطرف کیا گیا تھا۔ ٹرمپ نے کہا کہ جان بولٹن ایک ایسا شخص ہے جو کئی برس پہلے اقوام متحدہ میں سفیر کے لیے نامزد نہیں ہو سکا تھا اس کے بعد سے کسی ادارے کے لیے نامزد نہیں ہو سکا۔ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے تجربہ کار سفارت کار اور سیاسی معاملات میں جنگ کو اہمیت دینے والے کو مخالفت کے باوجود وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کا مشیر نامزد کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ڈیموکریٹس کی اکثریت پر مبنی ایوان نمائندگان نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور تحقیقات میں کانگریس کی راہ میں رکاوٹ بننے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی کارروائی مکمل کی تھی۔ امریکی صدر کو تقریباً یقین ہے کہ وہ سینیٹ سے بری ہو جائیں گے جہاں ریپبلکنز کو 2 تہائی اکثریت حاصل ہے، لیکن یہ ٹرائل ان کے دوبارہ انتخاب پر کس طرح اثر انداز ہو گا یہ بات واضح نہیں۔


خبر کا کوڈ: 841506

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/841506/مواخذے-کی-کارروائی-بولٹن-آمد-پر-ٹرمپ-سیخ-پا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org