0
Thursday 30 Jan 2020 08:59

ایلیٹ فورس کو پروٹوکول ڈیوٹی سے ہٹا کر دہشتگردی کیخلاف آپریشنز میں استعمال کرنیکا فیصلہ

ایلیٹ فورس کو پروٹوکول ڈیوٹی سے ہٹا کر دہشتگردی کیخلاف آپریشنز میں استعمال کرنیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ ایلیٹ فورس پنجاب پولیس کی جدید تربیت یافتہ اور سپیشلائزڈ فورس ہے، جس کے سپاہی مشکل سے مشکل حالات میں بھی ہر طرح کے آپریشنز کو کامیابی کیساتھ مکمل کرنے کی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، لہذا اس فورس کو سکیورٹی یا پروٹوکول ڈیوٹی کی بجائے صرف ہائی پروفائل اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران استعمال کیا جائے، تاکہ ایلیٹ فورس کے جانبازوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے اور معاشرے کو دہشتگرد، شدت پسند اور جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے عمل کو تیز سے تیز کیا جا سکے۔ آئی جی نے ایلیٹ فورس کے جوانوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایلیٹ فورس اور سپیشل آپریشن یونٹ اپنا مورال بلند رکھیں اور محکمہ کی جانب سے تفویض ہونیوالی ہر ذمہ داری کو بھرپور محنت، پروفیشنلزم اور ایمانداری کیساتھ ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچہ آپریشن جیسے مشکل اور دشوار گزار علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی میں سپیشل آپریشن یونٹ کی کارکردگی قابل ستائش ہے، جس کی بدولت کچے کے علاقوں میں نو گو ایریاز کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپیشل آپریشن یونٹ میں شامل اہلکاروں کو جدید ترین اسلحہ سمیت دیگر ساز و سامان کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے، تاکہ اہلکار بے فکری اور دلیری کیساتھ فیلڈ میں شجاعت اور پروفیشنلزم کی مثالیں قائم کرتے رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایلیٹ فورس اگر آپریشن کے سلسلے میں کسی دوسرے ضلع میں جائے گی تو اہلکاروں کی رہائش اور کھانے کیلئے انتظامات کرنا مقامی ڈی پی اوز کی ذمہ داری ہوگی اور جن افسران نے اس سلسلے میں کوتاہی یا غفلت کا مظاہرہ کیا، انہیں جواب دہ ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایلیٹ فورس کو ملنے والی پیشہ وارانہ ٹریننگ جسمانی، ذہنی اور اخلاقی تربیت کا بہترین کمبی بیشن ہے، جس کے باعث ایلیٹ فورس کے سپاہیوں نے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران دہشتگرد اور جرائم پیشہ عناصر کے عزائم کو ہمیشہ خاک میں ملایا، چنانچہ ٹریننگ کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کیساتھ ساتھ کومبنگ آپریشنز کی تکمیل کے حوالے سے اگر ٹریننگ کے معیار میں مزید بہتری کی گنجائش ہے تو جدید پولیسنگ اور کرائم فائٹنگ کے ماہر انسٹرکٹرز کی خدمات اور صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے، تاکہ پیشہ وارانہ طور پر مزید قابل اور مضبوط اہلکار تیار ہوکر فیلڈ میں آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر ایلیٹ فورس کی ٹریننگ اور رسپانس ریٹ کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تربیتی ورکشاپس اور ایکسر سائز کا سلسلہ جاری رکھا جائے جبکہ ایلیٹ اہلکاروں کی ترقی سے متعلقہ امور میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق افسران ذاتی دلچسپی سے بلا تاخیر فوری نمٹائیں۔
خبر کا کوڈ : 841511
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش