0
Thursday 30 Jan 2020 16:12

اسد عمر کی وزیراعلٰی بلوچستان سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

اسد عمر کی وزیراعلٰی بلوچستان سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بلوچستان ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر بلوچستان کی ترقی کیلئے وفاقی حکومت کی معاونت، وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل بلوچستان کے منصوبوں کی پیش رفت اور سی پیک کے منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے وفاقی وزیر کو صوبائی حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی اور صوبائی پی ایس ڈی پی میں شامل ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق امور سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے دستیاب وسائل کو صوبے کی مجموعی ترقی کیلئے بروئے کار لا رہی ہے، تاہم ماضی کی ناقص حکمت عملی اور وسائل کے ضیاع کے باعث پیدا ہو نے والے مسائل کے حل اور پسماندگی کے خاتمے کیلئے کثیر فنڈز اور وفاقی حکومت کی معاونت ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنے وسائل میں اضافے اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جس سے صوبے کی معاشی و اقتصادی صورتحال بہتر ہوگی۔

وزیراعلٰی نے کوئٹہ ژوب ڈیول کیرج شاہراہ کی تعمیر کے منصوبے پر فوری عملدرآمد کے آغاز اور کوئٹہ کراچی شاہراہ کو دورویہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعلٰی نے وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبوں کی پیش رفت میں اضافے اور انکی جلد از جلد تکمیل پر بھی زور دیا۔ وفاقی وزیر نے بلوچستان کی ترقی کیلئے وزیراعلٰی کی قیادت میں صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا معاشی و اقتصادی استحکام بلوچستان کی تعمیر و ترقی سے جڑا ہوا ہے اور وزیراعظم بلوچستان کی ترقی کو اولین ترجح دیتے ہیں۔ انہوں نے صوبے کے ترقیاتی مسائل کے حوالے سے وزیراعلٰی کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریگی اور وفاقی منصوبوں کی جلد تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں پلاننگ کمیشن اور صوبائی محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے حکام کے درمیان مربوط روابط اور وفاقی منصوبوں کی مانیٹرنگ کے موثر نظام کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 841626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش