0
Thursday 30 Jan 2020 19:10

پانچ فروری کو یوم کشمیر کیساتھ یوم فلسطین بھی منایا جائے، نیاز نقوی

پانچ فروری کو یوم کشمیر کیساتھ یوم فلسطین بھی منایا جائے، نیاز نقوی
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے امریکی صدر کی طرف سے امن کے نام پر فلسطین کی غلامی کے منصوبے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کی مسلسل دہشتگردی اور اسلام دشمنی عروج پر پہنچ چکی ہے، ایک وقت تھا جب پورا فلسطین، فلسطینیوں کا تھا، ٹرمپ کے فراڈ منصوبے کے مطابق صرف 14 فیصد دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کے آغاز سے ہی ٹرمپ کی اسلام دشمنی نے دیوانگی کی شکل اختیار کرلی ہے جو اس بات کا اظہار ہے کہ امریکہ کے زوال کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں اسلامی دنیا بلاتاخیر مسئلہ فلسطین پر متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کرے۔ او آئی سی کا فوری اجلاس طلب کرکے امت مسلمہ کو موثر لائحہ عمل دینا چاہیے، تاکہ دنیا پر واضح ہو سکے کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا نہیں، پوری امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، اس کی حرمت سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

لاہور میں طلبہ وفد سے گفتگو میں علامہ قاضی نیاز نقوی نے مطالبہ کیا کہ ملت اسلامیہ 5 فروری کو یوم کشمیر و فلسطین مشترکہ طور پر منا کر پیغام دے کہ تمام اسلامی دنیا ان کیساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا 3 جنوری اور اس سے پہلے عراق پر حملوں کی مذمت کرتی تو امریکی صدر کو سینچری ڈیل کے نام سے فلسطین کی تباہی کے منصوبے کے اعلان کی جرات نہ ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ چند مسلم ممالک کی طرف سے امریکی صدرکے نئے منصوبے کی حمایت شرمناک ہے۔ وفاق المدارس الشیعہ کے رہنما نے کہا کہ کشمیر، کشمیریوں کا اور فلسطین، فلسطینیوں کا ہے۔ امت مسلمہ دونوں خطوں کے مسلمانوں کے ساتھ ہیں، جس انداز سے دنیا بھر میں مسلمانوں کو بے توقیر کیا جا رہا ہے، ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا کو مشترکہ لائحہ عمل تیار کرکے تمام دنیا کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کرنا ہوگی جس کیلئے یہ واحد حل ہے۔
خبر کا کوڈ : 841634
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش