0
Thursday 30 Jan 2020 21:20
مسئلہ فلسطین فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہوگا

ٹرمپ جسے امن منصوبے کا نام دے رہے ہیں وہ دراصل امن کیخلاف جنگ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

فلسطین کیجانب سے اسرائیل کو یہودی ریاست قبول کرنیکی امریکی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی
ٹرمپ جسے امن منصوبے کا نام دے رہے ہیں وہ دراصل امن کیخلاف جنگ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ جسے امن منصوبے کا نام دے رہے ہیں، وہ دراصل امن کے خلاف جنگ (War Against Peace) ہے، اسے عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور بنیادی انسانی حقوق کی بدترین پامالی کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا، امریکی صدر اپنے یک طرفہ فیصلوں سے کسی بھی ریاست کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتے، صدر ٹرمپ کی احمقانہ پالیسیوں کے خلاف امریکہ سمیت دنیا بھر میں انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اپنی خفت مٹانے کے لئے امریکی صدر بے سروپا اقدامات کا سہارا لینا چاہتے ہیں، جو خطا در خطا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین ازل سے فلسطینیوں کا ہے، طاقت کے گھمنڈ کے سحر میں مبتلا کسی غاصب کو فلسطین پر مسلط نہیں ہونے دیا جا سکتا، امریکی صدر خطے میں جس تصادم کی بنیاد رکھنے جا رہے ہیں، اس کا خمیازہ پوری دنیا کو بھگتنا پڑے گا، فلسطین کو تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن کے نام پر فلسطین کو اسرائیل کے حوالے کرنے کی احمقانہ امریکی کوشش ایسا سنگین اقدام ثابت ہوگا، جس پر امت مسلمہ خاموش نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے لئے قبلہ اول انتہائی مقدس اور اہم ہے، جس پر صیہونی تسلط کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، بیت المقدس کی آزادی کا وقت قریب آپہنچا ہے، ان شاء اللہ محور مقاومت کے ہاتھوں امریکہ اور صہیونیوں کی شکست نوشتہ دیوار ہے، فلسطین کی جانب سے اسرائیل کو یہودی ریاست قبول کرنے کی امریکی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، مشرقی بیت المقدس پر اسرائیلی قبضہ تسلیم کرنے جیسے مذموم عزائم صیہونی مفادات کا تحفظ ہیں، جو کبھی پورے نہیں ہوسکتے، مقبوضہ بیت المقدس کو بلاشرکت غیرے اسرائیلی دارالخلافہ بنانے کی کوشش ایک شیطانی منصوبہ ہے، اسے امن کی کوشش کا نام نہیں دیا جاسکتا، بیت المقدس روز اول سے فلسطین کا دارالحکومت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بااختیار ریاست کسی غاصب کو اپنے علاقوں پر قبضے اور مزید کالونیوں کی تعمیر کی اجازت کیسے دے سکتی ہے، محور مقاومت سمیت دنیا کے غیرت مند مسلمانوں کی طرف سے مذکورہ منصوبے کو مسترد کیا جانا قابل تحسین ہے، مسئلہ فلسطین سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کو درپیش عالمی مشکلات پر امت مسلمہ کو اب آنکھیں کھولنا ہوں گی، عرب کے خائن حکمرانوں کو چاہیئے کہ یہود و نصاریٰ کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے عالم اسلام کے حقوق کے لئے آواز بلند کریں، مسلہ فلسطین پر اقوام متحدہ کو اپنی غیر جانبداری ثابت کرنا ہوگی اور مسئلہ فلسطین فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 841665
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش