0
Friday 31 Jan 2020 21:06

امریکہ گریٹر اسرائیل منصوبے پر عمل پیرا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

امریکہ گریٹر اسرائیل منصوبے پر عمل پیرا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ جامعہ علمیہ اچھرہ میں علماء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ امریکہ کا مشرق وسطی کیلئے امن فارمولہ امن دشمن فارمولہ ہے، یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کا اعلان متعصبانہ ہے، جسے عالم اسلام کسی صورت قبول نہیں کرے گا، مسلم حکمران امریکہ کے امن دشمن فارمولے کیخلاف مشترکہ آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے، امریکہ نے اسرائیل نوازی کی انتہا کر دی ہے، اسلامیان پاکستان مظلوم فلسطینیوں کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ نیا امریکی فارمولہ دراصل فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو جائز قرار دینے کی سازش ہے، اقوام متحدہ مظلوم و محکوم فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم اور تسلط سے نجات دلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ امریکہ گریٹر اسرائیل منصوبے پر عمل پیرا ہے، مسلم ممالک اسرائیل کو مشرق وسطی کا تھانیدار بنانے کے امریکی منصوبے کی مزاحمت کریں۔ مشرق وسطی میں امن کیلئے خطے سے امریکی فوجوں کا انخلا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی استعمار کیخلاف جدوجہد کیلئے اتحاد امت ضروری ہے، امت مسلمہ کو متحد ہو کر امریکہ کی اسلام دشمن سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، پاکستانی حکومت امریکہ کے نئے متعصبانہ امن فارمولے کو مسترد کرنے کا اعلان کرے کیونکہ یہ امریکی فارمولہ صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے اور فلسطینیوں کو محکوم رکھنے کی گہری سازش ہے۔
خبر کا کوڈ : 841828
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش